پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مہدی پرتاپ گڑھی کی غزلیں — Mehdi Pratapgarhi Ghazals

مہدی پرتاپ گڑھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب اپنے گناہوں پہ وہ شرمندہ کہاں ہے (غزل)

اب اپنے گناہوں پہ وہ شرمندہ کہاں ہے

انساں بھلا آدم کا نمائندہ کہاں ہے

کچھ اور برے دن نہ کہیں دیکھنے پڑ جائیں

اس دور فراست میں خرد زندہ کہاں ہے

ہر چہرہ ہے اخلاص کی تنویر سے عاری

اے شہر محبت ترا باشندہ کہاں ہے

ہم جس کے لئے ماضی میں خوں روتے رہے ہیں

اب سوچ رہے ہیں کہ وہ آئندہ کہاں ہے

ہر سمت نظر آتی ہیں چلتی ہوئی لاشیں

دنیا میں بشر ہے تو مگر زندہ کہاں ہے

اچھی لگیں کتابوں میں باتیں اصول کی (غزل)

اچھی لگیں کتابوں میں باتیں اصول کی

ان پر عمل کیا ہے یہی ہم نے بھول کی

صالح روایتوں پہ بھی آنے لگا زوال

قیمت بڑھی ہے ان دنوں کاغذ کے پھول کی

بچوں کے رخ پہ دیکھی ہے مایوسیوں کی گرد

جب خالی ہاتھ گھر میں پہنچنے کی بھول کی

اک آرزو نے ڈال دیا ہے عذاب میں

کب تک سزا ملے گی مجھے ایک بھول کی

وہ اپنے آپ مل گیا تقدیر میں جو تھا

ہم نے تمام عمر تگ و دو فضول کی

ہم نے تو انتظار میں عمریں گزار دیں

ساعت نہ آئی حسن‌ کرم کے نزول کی

اعزاز پانے والوں میں کیوں میرا نام ہو

مہدیؔ جو یہ زکوٰۃ نہ میں نے قبول کی

پھر آگیا جہاں میں رمضان کا مہینہ (نظم)

پھر آگیا جہاں میں رمضان کا مہینہ

اللہ کے کرم اور احسان کا مہینہ

اللہ کی عنایت اور اس کی خاص رحمت

ہم کو عطا کیا ہے قرآن کا مہینہ

دی ہے ہمیں خدا نے روزے کی ایسی نعمت

اہل خرد سمجھتے ہیں اس کی قدر و قیمت

شیطانی حرکتوں سے رکھے ہے دور روزہ

بخشے ہے آدمی کو دل کا سرور روزہ

احکام پر خدا کے ہم کو چلائے روزہ

ہم کو فرشتوں سے بھی افضل بنائے روزہ

حکم خدا کی جس نے تعمیل کر لی بچو

اس کی عنایتوں سے جھولی بھی بھر لی بچو

یہ ضبط نفس کا ہے اور صبر کا مہینہ

ہم کو سکھا رہا ہے جینے کا اک قرینہ

ہیں کس قدر منور راتیں عبادتوں سے

اور عطر بار سے ہیں دن بھی ریاضتوں سے

رب نے عطا کی ہم کو افطار کی فضیلت

آئی سمجھ میں کھانے پینے کی قدر و قیمت

اے رب قبول کر لے مومن کی یہ ریاضت

اپنے نبیؐ کے صدقے میں دے دے سب کو جنت

مزید غزلیں از مہدی پرتاپ گڑھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں