پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mehdi Abbas Danish کی غزلیں — Mehdi Abbas Danish Ghazals

Mehdi Abbas Danish کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کو کسی بھی چیز کی اب جستجو نہیں (غزل)

دل کو کسی بھی چیز کی اب جستجو نہیں

جینے کی اس دیار میں اب آرزو نہیں

خون جگر کو پی کے یہ دنیا نے کہہ دیا

پانی ہے بس تمہاری رگوں میں لہو نہیں

خوشبو جو ہے بسی ہوئی زلفوں میں آپ کی

ایسی تو اس جہاں میں کہیں رنگ و بو نہیں

دل پھٹ گیا ہے اس طرح اس دو جہان سے

ایسا ہوا ہے زخم کہ ممکن رفو نہیں

دیکھا جو مشکلات نے مجھ کو تو یہ کہا

بس تم ہو اور کوئی مرے روبرو نہیں

دانشؔ بھٹک رہے ہو یہاں میر کی طرح

اس شہر لکھنؤ میں کوئی آبرو نہیں

تاریکیاں ملی ہیں اجالا ملا نہیں (غزل)

تاریکیاں ملی ہیں اجالا ملا نہیں

ان سے وفا کا کوئی نتیجہ ملا نہیں

موسیٰ ہوں اور مجھ کو بتاتے ہیں راستے

وہ لوگ جن کو راہ میں دریا ملا نہیں

کہنے کو سیکڑوں مرے ہمدرد ہیں مگر

دل سے میں کہہ سکوں جسے اپنا ملا نہیں

گھیرے ہوئے ہیں رنج و الم اور مشکلات

ہر گام پر ہے درد مسیحا ملا نہیں

طوفان مفلسی میں گھرا ہوں میں اس قدر

کشتیٔ زندگی کو کنارا ملا نہیں

دانشؔ تلاش چھوڑ دو اب تم سکون کی

صدیاں گزر گئی ہیں وہ لمحہ ملا نہیں

مزید غزلیں از Mehdi Abbas Danish ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں