پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mehboob Rahi کی غزلیں — Mehboob Rahi Ghazals

Mehboob Rahi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اگر اللہ کی وحدانیت تسلیم کرتے ہو (غزل)

اگر اللہ کی وحدانیت تسلیم کرتے ہو

تو پھر انسان کو خانوں میں کیوں تقسیم کرتے ہو

محبت دسترس سے لفظ و معنی کی ہے بالاتر

میاں تم اس کی بھی تشریح اور تفہیم کرتے ہو

تمہارا قول کیوں کر معتبر ٹھہرے کہ تم اس میں

کبھی تنسیخ کرتے ہو کبھی ترمیم کرتے ہو

حقیر ان کو سمجھتے ہو جو ہیں توقیر کے قابل

رذیلوں کی مگر تعظیم اور تکریم کرتے ہو

بغاوت کیوں نہیں کرتے خدا وندان باطل سے

خدا برحق ہے اس حق کو اگر تسلیم کرتے ہو

اگر قابو نہیں خود پر تو سب بے‌ سود و لا حاصل

بہادر لاکھ ہو تسخیر ہفت اقلیم کرتے ہو

ان آوارہ پرندوں کو پکڑ پاتے ہو تم کیوں کر

خیالوں کی اے راہیؔ کس طرح تنظیم کرتے ہو

چاند سورج شفق کہکشاں ختم شد (غزل)

چاند سورج شفق کہکشاں ختم شد

اب اڑوں کس طرف آسماں ختم شد

ریگزار یقیں تا بحد نظر

سبزہ زار خیال و گماں ختم شد

پھر ہوا یوں کہ آنکھ ایک دم کھل گئی

مختصر یہ کہ بس داستاں ختم شد

فکر کے سارے گل بوٹے مرجھا گئے

ذہن کی ساری شادابیاں ختم شد

اس نے آتے ہی سب کھڑکیاں کھول دیں

دفعتاً سر میں تھا جو دھواں ختم شد

رشتے ناطے سبھی جوں کے توں ہیں مگر

اک تقدس جو تھا درمیاں ختم شد

ذہن کو اب نچوڑوں تو ٹپکے غزل

تھی کبھی وہ جو طبع رواں ختم شد

آیا ہے لے کے موسم سوغات مچھروں کی (نظم)

آیا ہے لے کے موسم سوغات مچھروں کی

ہر سمت ہو رہی ہے برسات مچھروں کی

کم ذات مچھروں کی بد ذات مچھروں کی

ہم خوب جانتے ہیں اوقات مچھروں کی

دیتے ہیں حسب عادت بیماریوں کو دعوت

کر کر کے ہم ضیافت دن رات مچھروں کی

ہے ماجرا یہ کیسا کیا قہر ہے خدا کا

نازل جو ہو رہی ہیں آفات مچھروں کی

آتی ہیں ہنستی گاتی جاتی ہیں گنگناتی

افواج مچھروں کی بارات مچھروں کی

بچھو سے بھی زیادہ زہریلے ہو چکے ہیں

کچھ بڑھ چکی ہے اتنی اوقات مچھروں کی

پھیلا کے کیوں غلاظت آلودگی نجاست

کرتے ہیں پرورش کیوں حالات مچھروں کی

ہر چیز سے انوکھی ہر شے سے ہیں نرالی

اطوار مچھروں کے حرکات مچھروں کی

چلتی ہیں سائیں سائیں جب تیز تر ہوائیں

بنتی ہیں بن بنائے کچھ بات مچھروں کی

اس دور میں ہے قلت ہر چیز کی مگر ہے

افراط مچھروں کی بہتات مچھروں کی

اپنا لہو پلا کر ہم لوگ راہیؔ اکثر

کرتے رہے تواضع دن رات مچھروں کی

مزید غزلیں از Mehboob Rahi ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں