Mehar Ali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اک نئے روپ سے ہر روز ملا دیتا ہے (غزل)
اک نئے روپ سے ہر روز ملا دیتا ہے
آئنہ بھی کسی عالم کا پتہ دیتا ہے
چاند تنہائی کا ساتھی ہے ہمارا لیکن
اکثر اوقات یہ تنہائی بڑھا دیتا ہے
جب کبھی بڑھنے لگوں خود سے ملاقات کو میں
تیرا ہونا مجھے آواز لگا دیتا ہے
کون اس خواب کی دیوار پہ آ کر ہر شب
ایک بے رنگ سی تصویر بنا دیتا ہے
روز اک خواب دکھا دیتا ہے آنکھوں کو یہ دل
روز اک فتنے کو سینے میں جگا دیتا ہے
پہلے کرتا ہے شکایت کہ اندھیرا کیوں ہے
میں چراغوں کو جلا دوں تو ہوا دیتا ہے
بس خانۂ وجود میں تیری کمی رہی (غزل)
بس خانۂ وجود میں تیری کمی رہی
تنہائی کھڑکیوں سے مجھے جھانکتی رہی
یادوں کے در سے کتنے فسانے پلٹ گئے
ہاں ایک شام تھی جو مسلسل کھڑی رہی
دل میں تمہارے بعد کوئی آ نہیں سکا
جو چیز جس جگہ پہ پڑی تھی پڑی رہی
میں خواب نامی ایک جزیرے پہ آ گیا
اور زیست گلیوں گلیوں مجھے ڈھونڈھتی رہی
میں اب کی بار تنہا ہی یوفوریا گیا
ہر ایک میز مجھ سے ترا پوچھتی رہی
موسم گل ہے (نظم)
موسم گل ہے
درختوں کی ہری شاخوں سے کتنے ہی شگوفے کھل رہے ہیں
جن کے سایوں میں
کئی نو عمر لڑکے
بے سبب اک دوسرے سے مل رہے ہیں
کچھ ذرا سے فاصلے پر
ایک پختہ عمر کی عورت
برہنہ پیڑ کے نیچے سے پتے چن رہی ہے
اک پرانا گیت سا گاتے ہوئے
سر دھن رہی ہے
ایک نیلے بنچ پر بیٹھا ہوا میں
یہ نظارہ دیکھنے میں محو ہوں
اور سرسراتے خشک پتوں کی صدائیں سن رہا ہوں
بے سبب سر دھن رہا