پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میگھا رئنا کی غزلیں — Megha Raina Ghazals

میگھا رئنا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اس کو اس لفظ سے بھی نفرت ہے (غزل)

اس کو اس لفظ سے بھی نفرت ہے

مجھ کو جس شخص سے محبت ہے

عشق ویسے تو خوبصورت ہے

ایک طرفہ مگر مصیبت ہے

مجھ کو میرا ہی نام اچھا لگے

اس کے کہنے میں وہ نزاکت ہے

اس کا پہلو میں بیٹھنا آ کر

یہ سکوں ہے یا پھر قیامت ہے

اس سے کہنا کہ میں نے بولا ہے

کھل کے کہہ دے اگر محبت ہے

غم کو بھی اب لٹانے والی ہوں

اس کی یہ آخری وراثت ہے

کون آئے گا مجھ سے پوچھے بغیر

اس کے دل پہ مری حکومت ہے

فیصلے سب یہیں سے ہوتے ہیں

تیری آنکھیں ہیں یا عدالت ہے

روح بھی اس سے ہی بہلتی ہے

اور وہی جسم کی ضرورت ہے

ایک لمحے میں ٹھیک کر دوں اسے

میں جو چپ ہوں مری شرافت ہے

جسم اور دل بدلنا ایک سا ہے

یہ محبت نہیں سیاست ہے

میری آنکھیں بھلے ہی زخمی ہوں

پر مرا خواب تو سلامت ہے

اس نے جب سینے سے لگانا چھوڑ دیا (غزل)

اس نے جب سینے سے لگانا چھوڑ دیا

ہم نے بھی پھر یاد دلانا چھوڑ دیا

تنہائی سے رشتہ جب مضبوط ہوا

محفل میں تب آنا جانا چھوڑ دیا

اس نے کوئی قدر نہ رکھی وعدوں کی

ہم نے بھی وعدے گنوانا چھوڑ دیا

اس کو پورا کرتے تو مر جاتے ہم

آدھے پہ ہی وہ افسانہ چھوڑ دیا

آنکھوں کی آواز کا جادو دیکھا تو

اس نے لفظوں سے سمجھانا چھوڑ دیا

درد نے جس دن حد سے آگے پاؤں رکھا

ہم نے اپنا دل بہلانا چھوڑ دیا

چند کتابیں آئی ہیں گھر میں جب سے

گھر کے باہر آنا جانا چھوڑ دیا

کہیں ملے تو اس سے کہنا دھیان رہے

میگھاؔ نے اب دھوکا کھانا چھوڑ دیا

مزید غزلیں از میگھا رئنا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں