Meesam Naqvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ آگ دیکھی کہ جس کا کوئی دھواں بھی نہیں (غزل)
وہ آگ دیکھی کہ جس کا کوئی دھواں بھی نہیں
وہ زخم پائے کہ جن کا کوئی نشاں بھی نہیں
عجب ہے یہ کہ زمیں بھی سرکتی جاتی ہے
غضب ہے یہ کہ مرے سر پہ آسماں بھی نہیں
ترا نصیب کہ تو دل میں رہ تو سکتا ہے
مرا نصیب کہ میرا کوئی مکاں بھی نہیں
یہ ریگ زار جنوں آخری کسوٹی ہے
پھر اس کے بعد کوئی اور امتحاں بھی نہیں
سر خم کیا نہ ہم کبھی زیر نگیں ہوئے (غزل)
سر خم کیا نہ ہم کبھی زیر نگیں ہوئے
تب کارزار عشق میں روشن جبیں ہوئے
ہم ہیں طریق عشق پہ حق الیقیں کے ساتھ
سو ہم کبھی شکار تذبذب نہیں ہوئے
تشبیہ استعارا نہ جس کی کوئی مثال
دنیا میں آپ ایسے یگانہ حسیں ہوئے
جس سمت دوستوں کی صفیں ہیں بنی ہوئیں
شامل اب ان صفوں میں بھی کچھ حاسدیں ہوئے
جب تک تھے آسمان پہ ناز فلک تھے ہم
آئے ہیں جب زمیں پہ تو زیب زمیں ہوئے
ہم ارتقائے عشق کے قائل ازل سے ہیں
یعنی کہ ہم گماں سے ہی اہل یقیں ہوئے
یہ تشنگی یہ دھوپ یہ طوفان گرد و باد
ہم ان سبھی کے ساتھ ہی صحرا نشیں ہوئے
کچھ دوست جاں نثار تھے جاں سے گزر گئے
کچھ دوست مثل مار سر آستیں ہوئے
غم اس طرح ملے ہیں کہ خوشیوں میں ڈھل گئے
خوشیاں بھی یوں ملی ہیں کہ پھر سے حزیں ہوئے
ہم تو مسافروں کی طرح عمر بھر رہے
اک جا کبھی نہ ٹھہرے نہ اک جا مکیں ہوئے
ہم نے سخن وری کا تو دعویٰ نہیں کیا
ہم نے یہ کب کہا ہے کہ ہم ہی فطیں ہوئے