پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Meesam Mirza کی غزلیں — Meesam Mirza Ghazals

Meesam Mirza کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ایسے نشے تو کرنے کی عادت سی ہو گئی (غزل)

ایسے نشے تو کرنے کی عادت سی ہو گئی

اب بار بار مرنے کی عادت سی ہو گئی

رنج و الم تو چھوڑئیے خوشیوں میں آج کل

آنکھوں میں اشک بھرنے کی عادت سی ہو گئی

مرہم ہی بن گیا ہے مرے درد کا سبب

زخموں کو یوں ابھرنے کی عادت سی ہو گئی

ہر چوٹ سے میں اور نکھرتا چلا گیا

مشکل میں بھی سنورنے کی عادت سی ہو گئی

کیا کوئی آس پاس ہے یا ہے گماں مجھے

یوں بے وجہ ٹھہرنے کی عادت سی ہو گئی

جس راہ سے گزرنا کبھی ناگوار تھا

اس راہ سے گزرنے کی عادت سی ہو گئی

بے خوف چل پڑے تھے محبت کی راہ میں

اب ہر قدم پہ ڈرنے کی عادت سی ہو گئی

کیسے چھڑائیں رنگ محبت پتا نہیں

ہر دل سے تو اترنے کی عادت سی ہو گئی

اب کون میرے دل میں بنائے گا آشیاں

اس شہر کو اجڑنے کی عادت سی ہو گئی

آنکھیں تھکن سے چور ہیں لرزش بدن میں ہے (غزل)

آنکھیں تھکن سے چور ہیں لرزش بدن میں ہے

خوشبو بہار و رنگ کہاں اب چمن میں ہے

گرتا ہے سختیوں کے سبب یوں وہ راہگیر

قوت نہ حوصلہ نہ جنوں جان و تن میں ہے

صحرا کی دھوپ میں جو جھلستا ہے عمر بھر

پوچھو کہ کتنی تشنگی اس کے دہن میں ہے

میرے لہو سے پیاس بجھائیں گے کچھ عزیز

اتنی مخالفت مری اپنے وطن میں ہے

رکھو میرے جنازے سے شکوے ذرا سے دور

اتنی جگہ لحد میں نہ میرے کفن میں ہے

کرتے قبول موت غریب الوطن مگر

کس جا وہ لطف پاتے جو خاک وطن میں ہے

میسمؔ یہ تلخ لہجہ یہ شکوے شکایتیں

کیا ہے جو اتنی عاجزی تیرے سخن میں ہے

مزید غزلیں از Meesam Mirza ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں