پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرزا جواں بخت جہاں دار کی غزلیں — Meerza Jawan Bakht Jahandar Ghazals

مرزا جواں بخت جہاں دار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی کر سکتا ہے یارو جیسا میں نے کام کیا (غزل)

کوئی کر سکتا ہے یارو جیسا میں نے کام کیا

یار کے ذمے دی کر نیکی اپنے تئیں بد نام کیا

آنکھوں سے سہلایا کیا میں تلوے اس کے وقت خواب

اتنی خدمت دیکھ مری گھر غیر کے جا آرام کیا

کون سی شب بے نالہ و زاری میں نے نہیں کی اس بن صبح

کون سا دن بے رنج و مصیبت میں نہ رو رو شام کیا

کچھ نہ چلا بس اس پہ عزیزو اپنی ہی میں جان پہ کھیلا

آخر درد ہجر نے اس کے میرا کام تمام کیا

شب کہا میں نے اس سے مرا دل زلف کا تیری بندہ ہے

کیوں اسے تو نے قیدیٔ دام سنبل مشکیں فام کیا

کافی تھا اس کی بستگی کو تو تار کاکل رشتۂ زلف

کر کے اسیر حلقۂ گیسو کیوں اسے بے آرام کیا

چیں بہ جبیں ہو بولا دور ہو تجھ کو ہے سودا دیوانے

چھوٹنے کا کیوں اس کے تو نے دل میں خیال خام کیا

اول مرغ رشتہ بپا سا تھا پابند تار زلف

حلقۂ گیسو میں لا اس کو آخر صید دام کیا

آرزو یک بوسہ کی رکھتا دل میں جہاں دارؔ اے پیارے

لعل لب شیریں سے تم نے پر نہ کبھو انعام کیا

یک دو جام اور بھی دے تو ساقی (غزل)

یک دو جام اور بھی دے تو ساقی

نہ رہے دل میں آرزو ساقی

میری تسکیں نہ ہوگی ساغر سے

منہ سے میرے لگا سبو ساقی

رات و دن مے کشوں کو رہتی ہے

تیری ہی یاد و جستجو ساقی

رند مفلس کو دے ہے زیاد شراب

بھائی مجھ کو تری یہ خو ساقی

آہ تجھ بن ہیں زار و نالاں ہم

بھولی مستی کی ہاو ہو ساقی

شیشۂ مے کی طرح سے ہم آج

رکھتے ہیں گریہ در گلو ساقی

کسی کے آگے مثل ساغر ہم

لاتے ہیں دست آرزو ساقی

لاتے ہیں مثل شیشۂ بادہ

تیرے ہی آگے سرفرو ساقی

رو نہیں اس کو بزم مستاں میں

جس کے تئیں تو نہ دیوے رو ساقی

دے جہاں دارؔ کو وہ مے جس کا

ہووے گل کا سا رنگ و بو ساقی