میر سوز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حسن کی گر زکوٰۃ پاؤں میں (غزل)
حسن کی گر زکوٰۃ پاؤں میں
تو بھکاری ترا کہاؤں میں
ایک بوسہ دو دوسرا توبہ
پھر جو مانگوں تو مار کھاؤں میں
اس طرح لوں کہ بھاپ بھی نہ لگے
ہونٹ سے منہ اگر ملاؤں میں
شہر کو چھوڑ کر نکل جاؤں
ہاں تجھے منہ نہ پھر دکھاؤں میں
محبت منہ پہ کرنا اور دل میں بے وفائی ہے (غزل)
محبت منہ پہ کرنا اور دل میں بے وفائی ہے
یہ آئینہ یہاں کہتا ہے کیسی آشنائی ہے
بھلا بوسہ ہم اس سے آج مانگیں گے کسی ڈھب سے
توقع تو نہیں لیکن یہ طالع آزمائی ہے
محبوں کو کریں ہیں قتل دشمن کو جلاتے ہیں
بتوں کی بھی میاں صاحب نرالی ہی خدائی ہے
عجائب رسم ہے ان دلبران دہر کی یا رب
کسی کے ساتھ جا سونا کہیں سائی بدھائی ہے
یہ عاشق اپنے اپنے اشک کو طوفان کہتے ہیں
جو سچ پوچھو تو یہ گنگا ہماری ہی کھدائی ہے
الٰہی کیا بنے گی ساتھ میرے شیخ و واعظ کو
ادھر رندی شرابی ہے ادھر کو پارسائی ہے
نہیں یہ ابر و باراں سوزؔ کے احوال کو سن کر
فلک کی بھی محبت سے یہ اب چھاتی بھر آئی ہے