Meer Syed Muzaffar Ali Zafar Muzahri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
یہ ننھا سا سپاہی انتہائی شوق سے اذن شہادت مانگتا ہے (غزل)
یہ ننھا سا سپاہی انتہائی شوق سے اذن شہادت مانگتا ہے
نہیں ابطال باطل کے لئے شمشیر بازی کی اجازت مانگتا ہے
اسے ہے دن کو دن کہنا اسے ہے شب کو شب کہنا کسی بھی مرحلے پر
کبھی وہ یار غار مصطفیٰ صدیق اکبر سی صداقت مانگتا ہے
اسے تو حق کو حق باطل کو باطل کر دکھانے کی تڑپ بھی ہے لگن بھی
عمر فاروق اعظم کے زمانے کی خلافت کی عدالت مانگتا ہے
کلید علم و حکمت سے کلید زہد و طاعت سے حیا داری کی صورت
کبھی عثمان بن عفان سی فہم و فراست کی سیاست مانگتا ہے
کہیں تو جانفشانی کی کہیں تو جاں نثاری کی سعادت کی طلب میں
کبھی شیر خدا سی حیدر کرار سی رن میں شجاعت مانگتا ہے
ذرا سی جان ہے اس کی مگر ارمان ہے اس کے شہادت کی صفت کے
کبھی حمزہ کبھی خالد سی میدان وفا میں استقامت مانگتا ہے
اقبال کا زماں ہے جو ہے زماں ہمارا (غزل)
اقبال کا زماں ہے جو ہے زماں ہمارا
ہندوستاں ہمارا سارا جہاں ہمارا
تکثیریت کا حامل جمہوریت کا حامل
عظمت نشاں سراسر ہندوستاں ہمارا
زر کی ہوس نہیں کچھ شہرت میں رس نہیں کچھ
سر پر رہے سلامت اک سائباں ہمارا
رکھے ہیں ہم نے چن کے گرچہ ہیں چار تنکے
ہم کو عزیز جاں سے یہ آشیاں ہمارا
محو دعا ہے ہر دم اردو زباں ہماری
یا رب رہے سلامت امن و اماں ہمارا
ہر گل کا رنگ الگ ہے ہر گل کی بو جدا ہے
ہر دم رہے مہکتا یہ گلستاں ہمارا
ذہن و دل و زباں پر سہ رنگی ہے ترانہ
فتح و ظفر کا پرچم قومی نشاں ہمارا