پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میر محمدی بیدار کی غزلیں — Meer Mohammadi Bedar Ghazals

میر محمدی بیدار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

بے مروت بے وفا نامہرباں نا آشنا (غزل)

بے مروت بے وفا نامہرباں نا آشنا

جس کے یہ اوصاف کوئی اس سے ہو کیا آشنا

تنگ ہو سائے سے اپنے جس کو ہو نا آشنا

وہ بت وحشی طبیعت کس کا ہوگا آشنا

واہ واہ اے دل بر کج فہم یوں ہی چاہئے

ہم سے ہو نا آشنا غیروں سے ہونا آشنا

بد مزاجی ناخوشی آزردگی کس واسطے

گر برے ہم ہیں تو ہو جے اور سے جا آشنا

یہ ستم یہ درد یہ غم اور الم مجھ پر ہوا

کاش کہ تجھ سے میں اے ظالم نہ ہوتا آشنا

نے ترحم نے کرم نے مہر ہے اے بے وفا

کس توقع پر بھلا ہو کوئی تیرا آشنا

آشنا کہنے کو یوں تو آپ کے ہوویں گے سو

پر کوئی اے مہرباں ایسا نہ ہوگا آشنا

خیر خواہ و مخلص و فدوی جو کچھ کہئے سو ہوں

عیب کیا ہے گر رہے خدمت میں مجھ سا آشنا

آشنائی کی توقع کس سے ہو بیدارؔ پھر

ہو گیا بیگانہ جب ایسا ہی اپنا آشنا

عاشق نہ اگر وفا کرے گا (غزل)

عاشق نہ اگر وفا کرے گا

پھر اور کہو تو کیا کرے گا

مت توڑیو دل صنم کسی کا

اللہ ترا بھلا کرے گا

ہے عالم خواب حال دنیا

دیکھے گا جو چشم وا کرے گا

جیتا نہ بچے گا کوئی ظالم

ایسی ہی جو تو ادا کرے گا

کل کے تو کئی پڑے ہیں زخمی

کیا جانیے آج کیا کرے گا

آ جائے گا سامنے تو جس کے

دل کیا ہے کہ جی فدا کرے گا

کیا جانیے کیا کرے گا طوفاں

گر اشک یوں ہی بہا کرے گا

بیدارؔ یہ بیت درد رو رو

فرقت میں تری پڑھا کرے گا

''اپنی آنکھوں میں تجھ کو دیکھوں

ایسا بھی کبھو خدا کرے گا''

مزید غزلیں از میر محمدی بیدار ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں