پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

میر مظفر حسین ضمیر کی غزلیں — Meer Muzaffar Husain Zameer Ghazals

میر مظفر حسین ضمیر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ہم رہے یاں تلک ترے غم میں (غزل)

ہم رہے یاں تلک ترے غم میں

کہ ترا غم سما گیا ہم میں

کیوں نہ ہو عشق حسن گندم گوں

میں بھی آخر ہوں نسل آدم میں

ہے عرق میں بھی اس کے نکہت عطر

گل کی بو آ گئی ہے شبنم میں

میرے اشکوں کے روبرو دریا

ہے بڑا فرق قطرہ و یم میں

جیسا جام جہاں نما ہے دل

سیر وہ کب ہے ساغر جم میں

دل کا ناسور دل کے ساتھ چلا

کیے مرہم تلاش مرہم میں

جو پھنسا پھر کبھی رہا نہ ہوا

ہے یہی پیچ زلف کے خم میں

نزع کے وقت بھی فریب رہا

وہ جو آیا دم آ گیا دم میں

اس میں بیم ہلاک اس میں ہلاک

ہے یہی فرق ہم میں اور غم میں

شمع سے رات یہ کہا میں نے

کہہ تو روتی ہے کس کے ماتم میں

بولی اے فخر عاشقان جہاں

کیا کہوں میں کہ دم نہیں دم میں

ہو گیا خاک جل کے پروانہ

رہی میں آہ بزم عالم میں

شب جو اک دوست اپنا یعنی دل

پھنس گیا اس کی زلف پر خم میں

اپنا کچھ بس نہ چل سکا لیکن

اشک بھر آئے چشم پر نم میں

تو چراغ مزار غیر رہا

ہم گھلے شمع ساں ترے غم میں

چشم کو شوق اشک باری ہے (غزل)

چشم کو شوق اشک باری ہے

چشمۂ فیض ہے کہ جاری ہے

سوزن عیسوی سے کیا ہوگا

زخم اپنے جگر کا کاری ہے

ہم کہیں اور تم کہیں صاحب

خاک یہ زندگی ہماری ہے

رکھ کے سر اس قدم پہ مر جاتا

بس یہی طرز جاں نثاری ہے

کس کا سونا کسے ہے آتی نیند

شب ہجراں ہے اور اشک باری ہے

یہ جو اڑتی ہے تیرے کوچہ میں

خاکساروں کی خاکساری ہے

یہ سبک تو نے کر دیا ظالم

میرا مردہ بھی سب کو بھاری ہے

میرے جینے میں خوش نہ مرنے میں

پھر کہو کیا خوشی تمہاری ہے

ابر ساں ہے ہجوم بارش اشک

برق ساں شغل بے قراری ہے

جو نہیں تھا کسی شمار میں آہ

اسی عاشق کو دم شماری ہے

کیجو برباد اس کے کوچے میں

اے صبا خاک یہ ہماری ہے

مزید غزلیں از میر مظفر حسین ضمیر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں