میر محمد سلطان عاقل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
واعظ کے پاس جائیں گے ہم مے پیے ہوئے (غزل)
واعظ کے پاس جائیں گے ہم مے پیے ہوئے
مدت ہوئی ہے توبہ سے توبہ کیے ہوئے
مشق خرام گور غریباں میں کیا ضرور
محشر بپا کریں گے یہ مردے جیے ہوئے
خاموش کیوں ہیں شہر خموشاں کے ساکنین
گویا دہن ہیں تار نفس سے سیے ہوئے
ناآزمودہ کاریٔ حسن ان کی ہے غضب
شرمائے پھرتے ہیں وہ مرا دل لئے ہوئے
یہ دیدنی ہے مے کدہ میں جوش بے خودی
آئے ہیں آج حضرت واعظ پئے ہوئے
نہ زندہ نہ مردہ نہ دنیا نہ دیں کا (غزل)
نہ زندہ نہ مردہ نہ دنیا نہ دیں کا
مجھے تو نے ظالم نہ رکھا کہیں کا
عبث امتحاں میں لگاتے ہو وقفہ
بھروسا ہے کیا میری جان حزیں کا
مجھے گھر میں گردش ہے پتلی کی صورت
یہ اعجاز ہے چشم سحر آفریں کا
پرانا نہ فتنہ ترے گھر سے اٹھا
نیا آسماں ہے مگر اس زمیں کا
کبھی میرے تن میں کبھی اس کے گھر میں
یہی شغل ہے میری جان حزیں کا
غضب ہے مری اس سے تکرار وعدہ
ستم ہے جو موقع ملا اب نہیں کا
سنا تو نے عاقلؔ عجب رات گزری
محبت کا مذکور نکلا کہیں کا