پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Meer Basheer کی غزلیں — Meer Basheer Ghazals

Meer Basheer کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

روش روش پہ جوانی کے تاجدار آئے (غزل)

روش روش پہ جوانی کے تاجدار آئے

جنوں کے قافلے وابستۂ بہار آئے

وہ رات جس کا بڑا انتظار تھا دل کو

وہ رات درد کے پہلو میں ہم گزار آئے

ملا جواب حرم سے نہ بت کدے سے کہیں

گلی گلی میں ترے نام کو پکار آئے

خدا کرے مری راتوں میں کائنات جمال

گئی بہار کو لے کر ہزار بار آئے

کسی کی یاد کے جلووں کے بے قرار ہجوم

افق سے چاند جو ابھرا تو اشک بار آئے

جو ہونے والا ہے ہو کر رہے گا میرؔ آخر

مگر مجال ہے دل کو کہیں قرار آئے

سرگرم تماشہ تھا دل محو ادا برسوں (غزل)

سرگرم تماشہ تھا دل محو ادا برسوں

سمجھا ہی نہیں ناداں مفہوم وفا برسوں

آشفتہ مزاج آخر جائیں تو کہاں جائیں

ہر گام پہ یاروں نے دھوکا ہی دیا برسوں

اک بار گزرتا ہے دل درد کی راہوں سے

رگ رگ سے تڑپتی ہے تاثیر دعا برسوں

وہ عالم مدہوشی وہ مستئ رندانہ

گل رنگ جوانی تھی کیا ہوش ربا برسوں

آغوش تصور میں سو بار گو آتے ہیں

لیکن نہ قریب آئے وہ جان حیا برسوں

گو میرؔ کے نالوں میں تاثیر جنوں کم تھی

ایسا بھی کہاں ہوگا اب شعلہ نوا برسوں

مزید غزلیں از Meer Basheer ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں