پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Meer Anjum Parvez کی غزلیں — Meer Anjum Parvez Ghazals

Meer Anjum Parvez کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے دل میں اچانک یہ خلش کیا (غزل)

مرے دل میں اچانک یہ خلش کیا

کوئی کرنے لگا ہے سرزنش کیا

ہزاروں نفرتیں دل میں بسی ہیں

بنے پھرتے ہو تم صوفی منش کیا

اگر سینے میں کینے کچھ نہیں ہیں

تو یہ تکرار کیا یہ چپقلش کیا

جدھر دیکھو عداوت ہی عداوت

کبھی بدلے گی دنیا کی روش کیا

محبت کا سبق گھر میں نہیں ہے

زمانے سے امید پرورش کیا

کوئی جوہر ہے دل میں کار فرما

وگرنہ گردش خوں کیا تپش کیا

ہے بہر درس انساں جذب باہم

وگرنہ ذروں میں باہم کشش کیا

میں ہر وادی میں سرگرداں نہیں ہوں

مرے اشعار کیا داد و دہش کیا

لٹوں نے اس کی ہے لوٹا قرار راتوں کا (غزل)

لٹوں نے اس کی ہے لوٹا قرار راتوں کا

کیا ہے دامن دل تار تار راتوں کا

ہوا ہے دل کے افق پر وہ بدر جب سے طلوع

دنوں میں ہونے لگا ہے شمار راتوں کا

کبھی جو زلف سیہ طول دے شب غم کو

تو چاند چہرہ کرے اختصار راتوں کا

مہیب تیرگی دن کی بھی ‎سایہ افگن ہے

ہے آفتاب بھی نصف النہار راتوں کا

ظہور فجر ہوا ہے ہزار رات کے بعد

یہ مسئلہ نہیں ہے تین چار راتوں کا

کچھ اس طرح سے ہوں ہم اس کے ساتھ ہم صحبت

کہ ساتھ ساتھ ہو دن کو بھی یار راتوں کا

مبارک ہو مری بیٹی تجھے شادی مبارک ہو (نظم)

مبارک ہو مری بیٹی تجھے شادی مبارک ہو

مبارک ہو یہ شادی خانہ آبادی مبارک ہو

تو جس گھر میں رہے خوشیاں وہیں آباد ہو جائیں

تو ملک ناز و نعمت کی ہو شہزادی مبارک ہو

تجھے حاصل ہوں دنیا کی سبھی آسائشیں تاہم

نہ کر پائیں تساہل کی تجھے عادی مبارک ہو

ترے صدقے ترے ماں باپ واری سب بہن بھائی

ترے قرباں تری سکھیاں بھی اے سعدی مبارک ہو

نئی دنیا نیا مسکن نئی الفت نیا ساجن

تجھے پر از مسرت یہ حسیں وادی مبارک ہو

اسیر عشق ہوتا ہے غم دنیا سے وارستہ

تجھے اے میری جاں ہر غم سے آزادی مبارک ہو

شرف اجداد کا ماں باپ کی عزت رہے قائم

رہے اخلاق کے گہنوں سے تو لادی مبارک ہو

کھلیں خوش رنگ و خوشبو دار غنچے تیرے آنگن میں

خدا تجھ کو بنائے نانی اور دادی مبارک ہو

رہے پیوند حبل اللہ سے پیدا نہ ہو فرقت

سدا ازبر رہے یہ درس بنیادی مبارک ہو

تری نسلیں قیامت تک امیں ہوں باغ احمد کی

در مولا پہ یہ بندہ ہے فریادی مبارک ہو

مزید غزلیں از Meer Anjum Parvez ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں