Meer Ahmad Naved کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ہے اور نہیں کا آئینہ مجھ کو تھما دیا گیا (غزل)
ہے اور نہیں کا آئینہ مجھ کو تھما دیا گیا
یعنی مرے وجود کو کھیل بنا دیا گیا
میرا سوال تھا کہ میں کون ہوں اور جواب میں
مجھ کو ہنسا دیا گیا مجھ کو رلا دیا گیا
میرے جنوں کو تھی بہت خواہش سیر و جستجو
مجھ کو مجھی سے باندھ کر مجھ میں بٹھا دیا گیا
میں نے کہا کہ زندگی درد دیا گیا مجھے
میں نے کہا کہ آگہی زہر پلا دیا گیا
خواب تھا میرا عشق بھی خواب تھا تیرا حسن بھی
خواب میں یعنی ایک اور خواب دکھا دیا گیا
چراغ ہائے تکلف بجھا دیے گئے ہیں (غزل)
چراغ ہائے تکلف بجھا دیے گئے ہیں
اٹھاؤ جام کہ پردے اٹھا دیے گئے ہیں
اب اس کو دید کہیں یا اسے کہیں دیدار
ہمارے آگے سے جو ہم ہٹا دیے گئے ہیں
اب اس مقام پہ ہے یہ جنوں کہ ہوش نہیں
مٹا دیے گئے ہیں یا بنا دیے گئے ہیں
یہ راز مرنے سے پہلے تو کھل نہیں سکتا
سلا دیے گئے ہیں یا جگا دیے گئے ہیں
جو مل گئے تو تونگر نہ مل سکے تو گدا
ہم اپنی ذات کے اندر چھپا دیے گئے ہیں
چراغ بزم ہیں ہم راز دار صحبت بزم
بجھا دیے گئے ہیں یا جلا دیے گئے ہیں