Meer Ali Ausat Rashk کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میرے لیے دنیا کے قضایا کو بنایا (غزل)
میرے لیے دنیا کے قضایا کو بنایا
تیرے لیے آسائش دنیا کو بنایا
مظروف سے تقدیم کہاں ظرف نے پائی
دل بعد بنا پہلے تمنا کو بنایا
ہوتا چلا آتا ہے زمانہ تہ و بالا
اعلیٰ کو بگاڑا کبھی ادنیٰ کو بنایا
مے خانہ دنیا میں ہے افراط مے عز
جھکنے کے لیے گردن مینا کو بنایا
ہے گفت و شنید ایسے سے اے رشکؔ کہ جس نے
گوشہ شنوا و لب گویا کو بنایا
اس قدر ہستئ موہوم سے شرماتا ہوں (غزل)
اس قدر ہستئ موہوم سے شرماتا ہوں
ذکر جینے کا جو آتا ہے تو مر جاتا ہوں
موت نے کتنے بکھیڑوں سے چھڑایا مجھ کو
نہ تڑپتا ہوں نہ روتا ہوں نہ چلاتا ہوں
کام مجھ سے نہیں ہوتا کوئی جز جرم و گناہ
محنت کاتب اعمال سے شرماتا ہوں
ایک خط یار کو لکھتا ہوں جو بیتابی میں
دوسرا کاتب اعمال سے لکھواتا ہوں
ایک ہم درد نہیں عالم تنہائی میں
مجھ کو سمجھاتا ہے دل دل کو میں سمجھاتا ہوں
مزید غزلیں از Meer Ali Ausat Rashk ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں