پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مینا خان کی غزلیں — Meena Khan Ghazals

مینا خان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تری خوشبو ترا لہجہ میں کہاں سے لاؤں (غزل)

تری خوشبو ترا لہجہ میں کہاں سے لاؤں

تو بتا دے ترے جیسا میں کہاں سے لاؤں

چاند کو گھیر کے رکھتے ہیں ستارے ہر شب

پھر بھلا چاند کو تنہا میں کہاں سے لاؤں

چشم تر میں بھی رہے اور بھرم بھی رکھ لے

ایسا ٹھہرا ہوا دریا میں کہاں سے لاؤں

اس کی خواہش ہے تعلق کا کوئی نام نہ ہو

ایسا بے نام سا رشتہ میں کہاں سے لاؤں

جذب کر لے مجھے خود میں جو سما لے مجھ کو

خشکیوں میں وہ جزیرہ میں کہاں سے لاؤں

کھینچ لائے جو گناہوں کے سمندر سے مجھے

اک ندامت کا وہ قطرہ میں کہاں سے لاؤں

کیا بتاؤں کیسی تھی دل کی کیفیت میری (غزل)

کیا بتاؤں کیسی تھی دل کی کیفیت میری

اس نے مسکرا کر جب پوچھی زوجیت میری

پوچھتا ہے جب مجھ سے وہ صلاحیت میری

کس قدر تڑپتی ہے پھر یہ اہلیت میری

یوں مجھے بسائے ہو دل میں ایک مدت سے

کاش تم بتا سکتے سب کو شہریت میری

دور تم سے جانے کا اک یہ فائدہ ہوگا

کچھ سمجھ تو آئے گی تم کو اہمیت میری

یہ بھی خوش نصیبی ہے جو کہ لکھی جاتی ہے

وارثوں کے کھانے میں اب بھی ولدیت میری

غیر کا ہے تو لیکن پھر بھی مطمئن ہوں میں

کچھ حسین لمحے ہیں کیونکہ ملکیت میری

نام سب کا گنتی ہوں دوستو کے میں اپنے

جب بھی پوچھ لیتا ہے کوئی حیثیت میری

جان اس پہ دیتی ہوں ملک ہے یہ میرا بھی

پھر بھی پوچھتے ہو تم مجھ سے قومیت میری

چلو ہم مان لیتے ہیں بچھڑنا ہی ضروری ہے (نظم)

چلو ہم مان لیتے ہیں بچھڑنا ہی ضروری ہے

چلو ہم مان لیتے ہیں مقدر میں ہی دوری ہے

چلو ہم مان لیتے ہیں تمہاری جو ہے مجبوری

چلو ہم مان لیتے ہیں ملے ہم دیر سے تم سے

چلو مانا کہ باندھے ہے رسن حالات کی تم کو

چلو مانا جدائی کے سوا چارہ نہیں کوئی

مگر

اتنا بتا دو بس

جدا ہونے سے اے ہمدم

تعلق ٹوٹ جائے گا

ہمیں تم بھول جاؤ گے

محبت اور رفاقت کے

وہ سارے دن

وہ سب لمحے

تمہارے ذہن اور دل سے

نکل جائیں گے

ممکن ہے

اگر ممکن نہیں ہے تو

جدا ہونے کا کیا مطلب

بچھڑ جانے کا غم کیسا

یہ نالے اور فغاں کیوں ہیں

ہم اتنے بے کراں کیوں ہیں

مزید غزلیں از مینا خان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں