مینا کماری ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
آغاز تو ہوتا ہے انجام نہیں ہوتا (غزل)
آغاز تو ہوتا ہے انجام نہیں ہوتا
جب میری کہانی میں وہ نام نہیں ہوتا
جب زلف کی کالک میں گھل جائے کوئی راہی
بدنام سہی لیکن گمنام نہیں ہوتا
ہنس ہنس کے جواں دل کے ہم کیوں نہ چنیں ٹکڑے
ہر شخص کی قسمت میں انعام نہیں ہوتا
دل توڑ دیا اس نے یہ کہہ کے نگاہوں سے
پتھر سے جو ٹکرائے وہ جام نہیں ہوتا
دن ڈوبے ہے یا ڈوبی بارات لیے کشتی
ساحل پہ مگر کوئی کہرام نہیں ہوتا
چاند تنہا ہے آسماں تنہا (غزل)
چاند تنہا ہے آسماں تنہا
دل ملا ہے کہاں کہاں تنہا
بجھ گئی آس چھپ گیا تارہ
تھرتھراتا رہا دھواں تنہا
زندگی کیا اسی کو کہتے ہیں
جسم تنہا ہے اور جاں تنہا
ہم سفر کوئی گر ملے بھی کہیں
دونوں چلتے رہے یہاں تنہا
جلتی بجھتی سی روشنی کے پرے
سمٹا سمٹا سا اک مکاں تنہا
راہ دیکھا کرے گا صدیوں تک
چھوڑ جائیں گے یہ جہاں تنہا
ٹکڑے ٹکڑے دن بیتا (نظم)
ٹکڑے ٹکڑے دن بیتا
دھجی دھجی رات ملی
جس کا جتنا آنچل تھا
اتنی ہی سوغات ملی
رم جھم رم جھم بوندوں میں
زہر بھی ہے امرت بھی ہے
آنکھیں ہنس دیں دل رویا
یہ اچھی برسات ملی
جب چاہا دل کو سمجھیں
ہنسنے کی آواز سنی
جیسے کوئی کہتا ہو
لے پھر تجھ کو مات ملی
ماتیں کیسی گھاتیں کیا
چلتے رہنا آٹھ پہر
دل سا ساتھی جب پایا
بے چینی بھی ساتھ ملی
ہونٹوں تک آتے آتے
جانے کتنے روپ بھرے
جلتی بجھتی آنکھوں میں
سادہ سی جو بات ملی