مینا بھٹ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تمہارا دل جو چرا لے وہ سین تھوڑی ہے (غزل)
تمہارا دل جو چرا لے وہ سین تھوڑی ہے
غزل ہماری یہ تازہ ترین تھوڑی ہے
اٹھائیں کیسے ترے ناز یہ بھی بتلا دے
ہمارے دل میں فقط تو مکین تھوڑی ہے
کہاں تلک نہ لگے اس کو بد نظر سب کی
ہمارے جیسا وہ پردا نشین تھوڑی ہے
وہ ہم کو جان سے زائد عزیز ہے لیکن
ہماری بات کا اس کو یقین تھوڑی ہے
سمجھ سکے جو برائی بھلائی کو جگ کی
نظر کسی کی بھی اتنی مہین تھوڑی ہے
اسے بھی پڑتی ہے آرام کی یہاں حاجت
حضور ماں ہے وہ کوئی مشین تھوڑی ہے
ملے جو داد ہمیں آپ سے کبھی میناؔ
ہماری شاعری اتنی ذہین تھوڑی ہے
تمہارے حسن میں اب چاند سی چم چم نہیں ہوتی (غزل)
تمہارے حسن میں اب چاند سی چم چم نہیں ہوتی
تمہاری پائلوں میں پہلے سی چھم چھم نہیں ہوتی
کبھی بھی درد کے سر میں حسیں سرگم ہے نا ممکن
کبھی شعلوں کی زد میں مخملی شبنم نہیں ہوتی
نہ جانے کتنے مجھ کو زخم الفت میں ملے لیکن
کسی بھی رنج و غم سے آنکھ میری نم نہیں ہوتی
سیاسی پیچ و خم توڑو بنا لو دیش کو جنت
وجے حاصل کبھی شمشیر سے جانم نہیں ہوتی
ہم ان کی یاد کے دیپک جلاتے روز ہیں میناؔ
ہمارے دل میں ان کے پیار کی لو کم نہیں ہوتی