Mazhar Qureshi Mazhar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ مرے ہوتے کسی اور کو چاہیں حد ہے (غزل)
وہ مرے ہوتے کسی اور کو چاہیں حد ہے
مجھ کو دانستہ سر بزم جلائیں حد ہے
توڑ دیں عہد وفا وہ تو کوئی جرم نہیں
ہم پہ لازم ہے بہرحال نبھائیں حد ہے
جب بھی جی چاہے وہ بس جائیں نگاہوں میں مری
پھیر لیں پھر دل مضطر سے نگاہیں حد ہے
نیم جاں پہلے سے ہوں جلوۂ جاناں کی قسم
وہ ہٹاتے بھی نہیں مجھ سے نگاہیں حد ہے
خود جو عاری ہیں محبت کے ہر اک پہلو سے
ہم کو آداب محبت وہ سکھائیں حد ہے
وہ ہمیں چاہیں نہ چاہیں یہ ہے ان کی مرضی
ان کی یہ ضد ہے مگر ہم انہیں چاہیں حد ہے
اپنے وعدوں کا جنہیں پاس نہیں وہ مظہرؔ
عہد و پیماں کا سبق ہم کو پڑھائیں حد ہے
اپنی پلکوں کو اٹھاؤ تو غزل ہو جائے (غزل)
اپنی پلکوں کو اٹھاؤ تو غزل ہو جائے
ہم سے نظریں جو ملاؤ تو غزل ہو جائے
سوئے احساس جگاؤ تو غزل ہو جائے
آگ پانی میں لگاؤ تو غزل ہو جائے
میرے اشعار کو اچھا سا ترنم دے کر
اپنے ہونٹوں پہ سجاؤ تو غزل ہو جائے
شب تاباں کو ذرا اور نکھر جانے دو
حوصلے اور بڑھاؤ تو غزل ہو جائے
اپنی مخمور نگاہیں نہ ہٹانا مجھ سے
مجھ کو مدہوش بناؤ تو غزل ہو جائے
حرف سے لفظ بنو لفظ سے اشعار بنو
یوں تخیل کو سجاؤ تو غزل ہو جائے
تم نے مظہرؔ کو جلایا ہے غم فرقت میں
وصل کی شمعیں جلاؤ تو غزل ہو جائے