پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مینک اوستھی کی غزلیں — Mayank Awasthi Ghazals

مینک اوستھی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تھوڑا سا زندگی کا خسارہ ضرور ہے (غزل)

تھوڑا سا زندگی کا خسارہ ضرور ہے

پر غم نے دل کا رنگ نکھارا ضرور ہے

مہتاب پھر رہا ہے خلاؤں میں اس طرح

جیسے کہ آسماں کا کنارہ ضرور ہے

عالم میں دیکھیے تو کوئی بھی خدا نہیں

عالم خدا کی سمت اشارہ ضرور ہے

ہم کو یقیں ہے آپ کو دل کی کتاب میں

اک ان لکھے سا نام ہمارا ضرور ہے

کیا جانئے وہ شوخ سمندر ہے یا سراب

جو بھی ہو تشنگی کا سہارا ضرور ہے

ویسے مری زباں پہ کوئی اور لفظ تھا

پر دوست کہہ کے تجھ کو پکارا ضرور ہے

کچھ شعر کہہ کے ہم کو گماں یہ ہوا مینکؔ

اک آسماں زمیں پہ اتارا ضرور ہے

اگر ہواؤں کے رخ مہرباں نہیں ہوتے (غزل)

اگر ہواؤں کے رخ مہرباں نہیں ہوتے

تو بجھتی آگ کے تیور جواں نہیں ہوتے

دلوں پہ برف جمی ہے لبوں پہ صحرا ہے

کہیں خلوص کے جھرنے رواں نہیں ہوتے

ہم اس زمین کو اشکوں سے سبز کرتے ہیں

یہ وہ چمن ہے جہاں باغباں نہیں ہوتے

کہاں نہیں ہیں ہمارے بھی خیر خواہ مگر

جہاں گہار لگاؤ وہاں نہیں ہوتے

ادھر تو آنکھ برستی ہے دل دھڑکتا ہے

یہ سانحات تمہارے یہاں نہیں ہوتے

وفا کا ذکر چلایا تو ہنس کے بولے وہ

فضول کام ہمارے یہاں نہیں ہوتے

مزید غزلیں از مینک اوستھی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں