Mayank Akbarabadi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیوں تم رشتے ناطے اور وہ ساتھ نبھانا بھول گئے (غزل)
کیوں تم رشتے ناطے اور وہ ساتھ نبھانا بھول گئے
ایسی بھی کیا بات ہوئی گھر آنا جانا بھول گئے
کچھ تو بات ہوئی ہوگی جو اس درجہ ناراض ہو تم
ساتھ تمہارے پھول چمن کے ہنسنا ہنسانا بھول گئے
عمر کے ساتھ بدلتے رشتے تم کو بہت مبارک ہوں
لیکن تم بچپن کا اپنے گزرا زمانہ بھول گئے
پاس تمہارے اب نہیں آتے بھنورے بن کر دل والے
جب سے اپنے جوڑے میں تم پھول سجانا بھول گئے
بچپن بیتا آئی جوانی عمر ہوئی رسموں میں قید
اور ہم دونوں چاند کی جانب ہاتھ بڑھانا بھول گئے
نیندوں نے تو مجھ سے کب کا رشتہ توڑ لیا لیکن
تم بھی تو راتوں میں ملنے آنا جانا بھول گئے
دیکھو یہ الزام غلط ہے نظریں چراتا تم سے مینکؔ
تم بھی تو وہ شرم و حیا سے نظریں جھکانا بھول گئے
درد میں لب پر آہ نہ لانا سب کے بس کی بات نہیں (غزل)
درد میں لب پر آہ نہ لانا سب کے بس کی بات نہیں
ہنستے ہنستے اشک چھپانا سب کے بس کی بات نہیں
ہم نے اک ظالم کو اپنا دل دے کر یہ جانا ہے
پتھر سے شیشہ ٹکرانا سب کے بس کی بات نہیں
شام الم پلکوں پر اپنی روشن ہیں اشکوں کے دیے
یوں چاہت کا جشن منانا سب کے بس کی بات نہیں
دنیا کی پرواہ نہ کر کے ہم نے پیار کیا ان سے
دوش ہوا پہ دیپ جلانا سب کے بس کی بات نہیں
گلشن سے گل چن کے سجانا اپنے گھر کو آساں ہے
صحرا صحرا پھول کھلانا سب کے بس کی بات نہیں
ہائے وہ لب خاموش کسی کے اف وہ کسی کی نیچی نظر
کچھ بھی نہ کہہ کر سب کہہ جانا سب کے بس کی بات نہیں
جو بھی کہا وہ کر کے دکھایا ہم نے محبت میں اے مینکؔ
کہنا اور پھر کر کے دکھانا سب کے بس کی بات نہیں