مایا کھنّہ راجے بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ایک ایسا عزم راسخ اب ہمارے دل میں ہے (غزل)
ایک ایسا عزم راسخ اب ہمارے دل میں ہے
گردش ایام بھی خود ان دنوں مشکل میں ہے
اپنی الفت پر بہت کچھ تبصرے ہوتے رہے
آزمائش میری خاموشی کی ہر محفل میں ہے
رہرو منزل نہ سمجھا آج تک یہ فلسفہ
کاروان زندگی کا ہر قدم منزل میں ہے
اس خوشی کا ہو برا مجبور کتنا کر دیا
سوچ کر ہی رہ گئے ہم کیسی خواہش دل میں ہے
تیری میری کہنے والے سوچ لینا ایک بار
جھوٹ کھلنے پر تری عزت کسی محفل میں ہے
سائباں تو ہے نہیں کوئی بھی راہ عشق میں
سوچ کر رہ رہ کے یہ اہل خرد مشکل میں ہے
ہم سے راجےؔ دشمنوں کا بھی برا ہوتا نہیں
دوستی کا پاس اتنا تو ہمارے دل میں ہے
عشق میں ہر بلا کو آنے دو (غزل)
عشق میں ہر بلا کو آنے دو
مجھ کو میرا مقام پانے دو
گزری باتوں کو کیسے جانے دوں
عہد ماضی کو یاد آنے دو
مرحلوں سے گریز کیا مانع
ہمت زیست کو بڑھانے دو
خود سمجھ لیں گے دل کو وہ میرے
ان کو دل کے قریب آنے دو
کل انہیں بھی تو پھول بننا ہے
آج غنچوں کو مسکرانے دو
ان کی دریا دلی کو دیکھیں ہم
آج دامن ہمیں بڑھانے دو
جن کو راجےؔ قریب سمجھا ہے
وہ ستاتے ہیں تو ستانے دو
مے بھی ہے ساقی بھی ہے پھر لطف مے خانہ نہیں (نظم)
مے بھی ہے ساقی بھی ہے پھر لطف مے خانہ نہیں
میری باتوں کو سمجھ لے ایسا دیوانہ نہیں
گردش ایام نے بھی مجھ کو پہچانا نہیں
پھر سے لوٹا دو خدارا میری تنہائی مجھے
رنج و غم دیکھے ہیں میں نے اور خوشی بھی دیکھ لی
دیدۂ انساں میں قدر زندگی بھی دیکھ لی
زخم دل کے کیوں کریدوں دوستی بھی دیکھ لی
پھر تصور شام فرقت کی طرف جانے لگا
شدتوں کے ساتھ کوئی مجھ کو یاد آنے لگا
اب بھری محفل میں میرا جی ہی گھبرانے لگا