Maulwi Syed Mumtaz Ali کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
صنم صنم نہ پکارے خدا خدا نہ کرے (غزل)
صنم صنم نہ پکارے خدا خدا نہ کرے
وہ چوٹ کھائی ہے دل نے کہ اب دعا نہ کرے
ادھر نہ دیکھیے ورنہ یہ شہر نا پرساں
تمہاری ایک ذرا بے رخی سے کیا نہ کرے
میں اپنے دیس میں بھی اجنبی سا لگتا ہوں
کوئی خلوص نہ برتے کوئی وفا نہ کرے
بس اک خراب تمنا ہمیں نظر آئے
سلوک آپ کریں جو وہی زمانہ کرے
غریب شہر کی یہ نارسائیاں توبہ
تمہارے در پہ بھی آیا مگر صدا نہ کرے
اب ایسے زود فراموش سے بھی کیا کہنا
کبھی جو بات بنائے کبھی بہانہ کرے
کرن اسیر مہک مضمحل ہے اب سرمدؔ
میں ایسے دور میں بھی چپ رہوں خدا نہ کرے
یہ اور بات میں غم سے نڈھال بھی تو نہیں (غزل)
یہ اور بات میں غم سے نڈھال بھی تو نہیں
اسے گنوا کے طبیعت بحال بھی تو نہیں
سلگتی سوچتی اجڑی اداس آنکھوں میں
تمہارے قرب کی روشن مثال بھی تو نہیں
جب اتنے دل زدہ ٹھہرے تو مان بھی جاؤ
کہ اس کے وعدۂ فردا کا حال بھی تو نہیں
وہ غیر کی طرح ملتا ہے روز کیا کیجے
فراق بھی تو نہیں ہے وصال بھی تو نہیں
یہی ہے خوئے تغافل تو عمر بھر نہ ملو
یہ صرف میری انا کا سوال بھی تو نہیں
اٹھی اب عاشقی یا لوگ ہو گئے پتھر
تمہارے حسن پہ اب تک زوال بھی تو نہیں
بجھے گھروں کا دھواں سا ہے شہر میں سرمدؔ
یہ اور کچھ ہے سحر کا جمال بھی تو نہیں
ستم پر اک ستم ایجاد رکھنا (نظم)
ستم پر اک ستم ایجاد رکھنا
ستم گر حشر کی بنیاد رکھنا
جہاں تک ہو سکے برباد رکھنا
مگر اک بات میری یاد رکھنا
نظر کی دل پہ ہی افتاد رکھنا
محبت کا جہاں آباد رکھنا
تمہارا دور سے ہی مسکرانا
کبھی ترچھی نظر سے دیکھ جانا
مرے سوئے ہوئے ارماں جگانا
وہی اک خوب صورت سا بہانہ
تم اپنی سب ادائیں یاد رکھنا
زمانہ دشمنی پھیلا رہا ہے
محبت پر ہمیں اکسا رہا ہے
ہمیشہ سے یہی ہوتا رہا ہے
تمہارا بھی یہی شیوہ رہا ہے
کبھی شاداں کبھی ناشاد رکھنا
بہت دیکھی ہے میں نے جگ ہنسائی
لبوں پر میرے جنبش تک نہ آئی
مگر تو نے بھی کی ہے بے وفائی
دہائی ہے ارے ظالم دہائی
تہ خنجر رگ فریاد رکھنا
کہاں تک دل لگی چلتی رہے گی
ہماری آپ کی چلتی رہے گی
کسی کے بے رخی چلتی رہے گی
کسی دل پر چھری چلتی رہے گی
روا اتنا نہیں بیداد رکھنا