پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

متین امروہوی کی غزلیں — Mateen Amrohwi Ghazals

متین امروہوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کہنے کو حسن و عشق کے رکھ لیے ہم نے نام دو (غزل)

کہنے کو حسن و عشق کے رکھ لیے ہم نے نام دو

اصل میں دیکھیے تو یہ بادہ ہے ایک جام دو

مجھ سے جنون عشق میں کرتے ہو بات ہوش کی

اہل خرد زبان کو اپنی ذرا لگام دو

گردش جام کا مجھے صبح سے انتظار ہے

اب تو خدا کے واسطے آ گیا وقت شام دو

دیکھا جو اس کو بام پر چاند بھی آ گیا نظر

اہل نظر نے لے لیے ایک نظر سے کام دو

ایک نگاہ شوق سے ایک حنائی ہاتھ سے

کرتا ہے بزم ناز میں کوئی مجھے سلام دو

حسن کے سر پہ تاج ہے عشق پہ اس کا راج ہے

اس کا نصیب دیکھیے اس کو ملے مقام دو

نثر میں نظم کا چلن غالبؔ و میرؔ کا ہے فن

ایک سخن میں کیجئے پیش یہاں کلام دو

دیکھنا کوئے یار میں اڑ کے متینؔ جاؤں گا

مرکب خوش خرام کی مجھ کو ذرا لگام دو

کسی کو جاں پسند آئی کسی کو دل پسند آیا (غزل)

کسی کو جاں پسند آئی کسی کو دل پسند آیا

مجھے ہر زاویے سے وہ مہ کامل پسند آیا

اگرچہ مشکلیں آئیں بہت راہ محبت میں

مگر پھر بھی مجھے یہ جادۂ منزل پسند آیا

ہوا تیر نظر سے خون ناحق جب سر مقتل

مجھے قاتل پسند آیا اسے بسمل پسند آیا

ہزاروں کاروان شوق گزرے دل کے صحرا سے

مگر مجنوں کو لیلیٰ کا فقط محمل پسند آیا

زمانہ چاند کے چہرے پر اس کو داغ کہتا ہے

ترے رخسار پر لیکن مجھے یہ تل پسند آیا

متینؔ آیا سر بزم سخن تو یہ کہا سب نے

وہ دیکھو شاعر غالبؔ نما مشکل پسند آیا

مزید غزلیں از متین امروہوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں