متین احمد متین کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پاکیزہ پن میرا نشہ (غزل)
پاکیزہ پن میرا نشہ
البیلا فن میرا نشہ
لفظوں کا سنگھار کروں
دیوانہ پن میرا نشہ
نرگس کی آنکھوں کا نور
گلشن گلشن میرا نشہ
جنت کی حوریں ساقی
خواب کا آنگن میرا نشہ
قوس قزح صہبا کی موج
حور کا دامن میرا نشہ
برق کھلے جلوؤں کی آنچ
دھانی چلمن میرا نشہ
سچائی میری صہبا
ظل سے ان بن میرا نشہ
میں ہوں شرابی البیلا
اکرام زن میرا نشہ
رشک زمیں میرے موسم
لفظ کا ساون میرا نشہ
دل کا یہی اک رنگ متینؔ
اجلا درپن میرا نشہ
نقوش پا میں تجلی وجود کی بابا (غزل)
نقوش پا میں تجلی وجود کی بابا
تمام راہ میں خوشبو ہے عود کی بابا
طلسمی ہالے میں رہتا ہے ماہ آزادی
عجیب صورتیں دیکھیں قیود کی بابا
یہ آندھیاں نہ بجھا دیں چراغ دل کی لو
کہ ہے شناخت یہ اپنے وجود کی بابا
قلوب دیدہ وراں کو لہو رلاتی ہے
رگ حیات میں گردش جمود کی بابا
یوں خار زار میں کھینچو نہ روح کا دامن
مجھے ہوس نہیں نام و نمود کی بابا
کبھی کبھی تو حباب محیط فکر میں بھی
ملی ہیں وسعتیں چرخ کبود کی بابا
تجلی زار ہوا ہے غزل کا آئینہ
یہ برکتیں ہیں سلام و درود کی بابا
متینؔ وقت نے کیسے یہ دن دکھائے ہیں
ہیں چار روٹیاں قیمت سجود کی بابا