پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Mateen Achalpuri کی غزلیں — Mateen Achalpuri Ghazals

Mateen Achalpuri کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تخریب سے تعمیر کے پہلو نکلے (غزل)

تخریب سے تعمیر کے پہلو نکلے

ظلمات سے تنویر کے پہلو نکلے

دروازے بھی روشن ہوئے پرتو سے ترے

دیواروں سے تصویر کے پہلو نکلے

خاموشی نے آواز اٹھائی آخر

نم آنکھوں سے تقریر کے پہلو نکلے

وہ جس پہ بسیرا کیا آزادی نے

اس شاخ سے زنجیر کے پہلو نکلے

محروم تبسم ہی رہا اپنا جہاں

کیا روز و شب میرؔ کے پہلو نکلے

دشمن کو کلیجے سے لگایا ہم نے

تب قلب کی تسخیر کے پہلو نکلے

جب ہو سکا شہزادۂ دل تخت نشیں

تب عدل جہانگیر کے پہلو نکلے

گزرا مرے الفاظ پہ تاروں کا گماں

تاروں سے بھی تحریر کے پہلو نکلے

اپنی دنیا کا سب سے نرالا ہرن (نظم)

اپنی دنیا کا سب سے نرالا ہرن

اتراکھنڈ کا بھولا بھالا ہرن

یہ ہرن ہے مگر ہے ذرا مختلف

اس کا قصہ ہے جادو بھرا مختلف

سب سے عمدہ ہرن سب سے عالی ہرن

درمیاں آپ کے ہم کریں انکشاف

مشک سے اس کی قدرت نے بھر دی ہے ناف

لال تھوڑا ہے اور تھوڑا کالا ہرن

توڑ ڈالی گئی بن میں ہرنوں کی ڈار

مشک کی خاطر اس کا ہوا ہے شکار

چڑھ گیا بھینٹ یوں بھولا بھالا ہرن

مزید غزلیں از Mateen Achalpuri ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں