Masoom Ansari کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سامنے بیٹھ کے کچھ بات بھی ہو سکتی ہے (غزل)
سامنے بیٹھ کے کچھ بات بھی ہو سکتی ہے
آپ چاہیں تو ملاقات بھی ہو سکتی ہے
کس نے سمجھا ہے بدلتے ہوئے موسم کا مزاج
دھوپ رہتے ہوئے برسات بھی ہو سکتی ہے
ہاتھ آئی ہوئی بازی پہ بہت ناز نہ کر
جیتنے والے تجھے مات بھی ہو سکتی ہے
وادئ شب میں چراغوں کا یہ لشکر کیسا
کوئی بھٹکی ہوئی بارات بھی ہو سکتی ہے
ہم نے دیکھا بھی نہیں تم نے پکارا بھی نہیں
کل یہی وجہ شکایات بھی ہو سکتی ہے
ہم نے پہلے ہی خبردار کیا تھا معصومؔ
راہ الفت میں کوئی گھات بھی ہو سکتی ہے
زندگی ہی زندگی چاروں طرف ہے (غزل)
زندگی ہی زندگی چاروں طرف ہے
آنکھ ہو تو روشنی چاروں طرف ہے
کیا زمیں کیا آسماں کیا دشت و دریا
آدمی کی برتری چاروں طرف ہے
ایک مرکز پر ٹھہرتا ہی نہیں ہے
ذہن کی آوارگی چاروں طرف ہے
دیکھیے تو ہے اجالا ہی اجالا
سوچئے تو تیرگی چاروں طرف ہے
آنکھ سے اوجھل ترا چہرہ ہے لیکن
اک علامت سی تری چاروں طرف ہے
کچھ نہ کچھ ہے آج کل میں ہونے والا
اک مکمل خامشی چاروں طرف ہے
چھوڑ کر جاتے ہو گھر معصومؔ صاحب
سوچ لو دنیا یہی چاروں طرف ہے