Masood Munavvar کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
میں گھر سے دور اطاق بدن میں رہتا ہوں (غزل)
میں گھر سے دور اطاق بدن میں رہتا ہوں
سواد ہجر کے باب کہن میں رہتا ہوں
کہیں تو رہنا ہے جب تک ملا ہے اذن قیام
سو حرف و صوت کے شہر سخن میں رہتا ہوں
میں عکس ہوں ترے پیراہن گل و مل کا
میں ایک رنگ ہوں برگ سمن میں رہتا ہوں
کبھی ہوں زلف کی ژولیدگی میں وارفتہ
کبھی میں تیری جبیں کی شکن میں رہتا ہوں
مثال بوسۂ دوشیزگان شہر جمال
ترے لبوں کے گلابی چمن میں رہتا ہوں
میان چشم زدن ڈھونڈھ مجھ کو پلکوں میں
کہیں نہیں ہوں طلسم زدن میں رہتا ہوں
جہاں سے تو نے نکالا مرے اب و جد کو
میں آج بھی اسی باغ عدن میں رہتا ہوں
وحی ہوا ہوں غزال صفا کے نافہ میں
میں مشک لا ہوں ہوائے ختن میں رہتا ہوں
ہے پنج ند کی گزر گاہ میرا نصف خیال
میں نصف وادیٔ گنگ و جمن میں رہتا ہوں
زمین میرے لیے سیرگاہ ہے مسعودؔ
میں شمس زاد ہوں نیلے گگن میں رہتا ہوں
سر شور, چناب اوتار مرے (نظم)
سر شور, چناب اوتار مرے
مرے موہن ساگر سیارے
تری گھوکر جیون کا سرگم
تری لہر لہر برہم برہم
جب اتروں کھول کے پیراہن
ترے پانی گلے ملیں مجھ سے
تری ٹھنڈک سینے ساون کے
تری مہک محبت کی برکھا
ترے جل تھل جل تھل منظر سے
مری رانوں میں گدگدی سی ہو
مرے تلووں میں دو پھول کھلیں
مرے سوہن ساگر سیارے
مرے پاگل وحشی بنجارے
تو آہو سبز زمینوں کا
تو زائر پاک مدینوں کا
تو شاہد موج کے میلوں کا
تو شوخ مسافر بیلوں کا
تری چال میں مستی موروں سی
تری دہشت اتھرے ڈھوروں سی
تو کھلی کتاب عجائب کی
ترا ورق ورق طوفان لگے
تری کتھا میں رمزیں شہد بھری
تو نفس نفس انسان لگے
میں زرد کنارے کا پتھر
مرا بدن ببولوں کی ڈالی
مجھے امرت دے مجھے زہر پلا
مرا جسم ہے اندر سے خالی
تو سبز کچور پہاڑی کے
برباد شوالوں کا وارث
بچھڑی ہوئی کونجوں کا مسکن
بھٹکے ہوئے بگلوں کا دریا
مرا موہن ساگر سیارا
مرا پاگل وحشی بنجارا
سر شور چناب اوتار ہے تو
اور یار عجب شہکار ہے تو