پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسعود جعفری کی غزلیں — Masood Jafari Ghazals

مسعود جعفری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اب کے حسیں بہار میں زلفیں سجا کے دیکھ (غزل)

اب کے حسیں بہار میں زلفیں سجا کے دیکھ

ساغر کو اپنے ہاتھ سے تو بھی اٹھا کے دیکھ

پرواز دیکھنی ہو فضاؤں میں گر تجھے

پنجرے سے آسمان پہ پنچھی اڑا کے دیکھ

احسان ہی تو ہوگا زمانے کی سانس پر

بجھتے ہوئے خیال کا سورج اگا کے دیکھ

آنکھوں میں اک حسین سی تصویر تو رہے

نقش و نگار جسم کے تو بھی بنا کے دیکھ

اخبار میں سکون سے پڑھتا ہے حادثے

مسعودؔ اپنے آپ میں نشتر لگا کے دیکھ

دشمن کے ساتھ دوست بھی شیشوں کے گھر میں تھا (غزل)

دشمن کے ساتھ دوست بھی شیشوں کے گھر میں تھا

لیکن میں دشت و کوہ پہ پیہم سفر میں تھا

یوں دیکھنے میں دور سے ہر شے تھی دل نشیں

اک درد سا بسا ہوا شام و سحر میں تھا

محفل میں اپنے آپ سے ہم پوچھتے رہے

کس کا لہو مکان کے دیوار و در میں تھا

یہ سچ ہے تیرے آنے سے موسم بدل گیا

ورنہ بڑا جمود سا اہل نظر میں تھا

ٹوٹا ہوا تھا واقعی اندر سے آدمی

تاروں کو توڑ لانے کا سودا تو سر میں تھا

مسعودؔ رات کاٹ کے ساغر کے دور میں

شیخوں کے ساتھ ساتھ وہ اللہ کے گھر میں تھا

مزید غزلیں از مسعود جعفری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں