پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسعود حساس کی غزلیں — Masood Hassas Ghazals

مسعود حساس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اپنوں کا ستایا ہوا اپنوں کا ڈسا ہوں (غزل)

اپنوں کا ستایا ہوا اپنوں کا ڈسا ہوں

جی جان لٹا آیا مگر پھر بھی برا ہوں

اس جسم کو جھونکا ہے مشقت کی اگن میں

ہر لمحہ مرا مر کے جیا جی کے مرا ہوں

ہر روز قلم سر کو کیا ہاتھ سے اپنے

ہر رات کو جذبات کی سولی پہ چڑھا ہوں

اس ملک میں سونے کے نوالے نہیں بھائی

بس ریت ہے اور ریت کو میں پھانک رہا ہوں

جس گھر کو بڑے تاؤ سے تم بانٹ رہے ہو

اس گھر کے بنانے کو شب و روز جلا ہوں

تم سوچتے ہو عیش کا بستر ہے میسر

میں دھوپ کے صحرا میں تھکن اوڑھ رہا ہوں

ہر طرف اجلی دھنک موسم ہوا ہے برف برف (غزل)

ہر طرف اجلی دھنک موسم ہوا ہے برف برف

ندی نالے ہی نہیں صحرا بنا ہے برف برف

اڑ رہے ہیں روئی کے گالے فضاؤں میں اسیر

ہے لہو بھی منجمد چہرہ ہوا ہے برف برف

اک حسینہ کی سیہ زلفوں پہ جھالا یوں لگے

ناگ کالا چھگ کے جیسے پی گیا ہے برف برف

مسکرانا ایسے موسم میں کہاں آسان ہے

ہونٹ نیلے پڑ گئے اس پہ ہوا ہے برف برف

برف کی چادر ہے یا پھر برف کا ہے ریگزار

دیکھتا ہوں جس طرف عالم ہوا ہے برف برف

جب کبھی حساسؔ برفانی ہوا تن پر لگی

یاد آئی گاؤں کی آنسو پیا ہے برف برف

مزید غزلیں از مسعود حساس ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں