پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مسعود میکش مراد آبادی کی غزلیں — Masood Maikash Muradabadi Ghazals

مسعود میکش مراد آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن جاناں نظر نہیں آتا (غزل)

حسن جاناں نظر نہیں آتا

آہ میں کچھ اثر نہیں آتا

شعلۂ غم نظر نہیں آتا

اب کوئی بھی ادھر نہیں آتا

دل شب غم سے ہو گیا مانوس

اب خیال سحر نہیں آتا

عشق احسان سے عبارت ہے

عشق ناداں نظر نہیں آتا

ہوش مندوں کی اس خدائی میں

کوئی دیوانہ گر نہیں آتا

کب سے ہیں فرش راہ دیدہ و دل

آنے والا مگر نہیں آتا

جب سے تم نے نگاہ پھیری ہے

کوئی اپنا نظر نہیں آتا

جب سے میکشؔ بہار آئی ہے

دامن دل نظر نہیں آتا

دل مرا پائمال کرتے ہیں (غزل)

دل مرا پائمال کرتے ہیں

آپ بھی بس کمال کرتے ہیں

بات ہوتی ہے آپ کی لیکن

لوگ مجھ سے سوال کرتے ہیں

میکدے کے فقیر اے ساقی

کب کسی سے سوال کرتے ہیں

دل کا کیا غم ہمیں محبت میں

دل کی وہ دیکھ بھال کرتے ہیں

مجھ کو کہتے ہیں لوگ دیوانہ

آپ ناحق خیال کرتے ہیں

چوٹ لگتی ہے دل پہ اے ہمدم

جب وطن کا خیال کرتے ہیں

شکر کر شکر کر کہ وہ میکشؔ

تجھ کو اپنا خیال کرتے ہیں

چند لمحات کہ ہر سال چلے آتے ہیں (نظم)

چند لمحات کہ ہر سال چلے آتے ہیں

جیسے صحرا میں گلابوں کی مہک آ جائے

جیسے ظلمت میں اجالوں کی کھنک آ جائے

جیسے آ جائے تصور میں کوئی زہرہ جبیں

جیسے تاریک فضاؤں میں ستاروں کا جمال

جیسے اک درد بھرے دل میں مسرت کا خیال

جیسے بچھڑے ہوئے ہم راز کے ملنے کا یقیں

جیسے تالاب کے سینے پہ کھلے کوئی کنول

جیسے ہو نیند کے رستے میں کوئی خواب محل

جیسے فن کار کے تخئیل میں اک نفس حسیں

جیسے پھولوں کے لبوں پر ہو تبسم کی لکیر

جیسے اک دن کو شہنشاہ فقیر ابن فقیر

جیسے آ جائے سر بام کوئی پردہ نشیں

جیسے سنگیت پہ نغموں کی سسکتی لہریں

جیسے ہوں شام کے دامن میں شفق کی لہریں

جیسے بے رنگ فسانے میں کوئی لفظ حسیں

جیسے پیشانی مشرق پہ ہو صبح کاذب

جیسے تاریک خلاؤں میں شہاب ثاقب

جیسے بھولے سے چلا آئے کوئی دل کے قریں

کتنی صدیوں سے بہرحال چلے آتے ہیں

چند لمحات جنہیں عید کہا جاتا ہے