پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

Masood Akhtar Jamal کی غزلیں — Masood Akhtar Jamal Ghazals

Masood Akhtar Jamal کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تلاش کون و مکاں ہے نہ لا مکاں کی تلاش (غزل)

تلاش کون و مکاں ہے نہ لا مکاں کی تلاش

یہ زندگی ہے غم عشق جاوداں کی تلاش

اسی زمیں کو ہمیں آسماں بنانا ہے

ہمیں نہیں ہے کسی اور آسماں کی تلاش

کسی کو منزل عشرت کا غم ہے اور مجھے

ہوئی ہے منزل عشرت پہ کارواں کی تلاش

یہ خواب ہے کہ ہے تعبیر خواب اے غم دل

ہر اک قدم ہے یہاں عمر رائیگاں کی تلاش

بہار لالہ و گل برق بے اماں نکلی

کہاں کہاں نہ رہی میرے آشیاں کی تلاش

جو ہو سکے تو مرا غم ہی جاوداں ہو جائے

جمالؔ مجھ کو نہیں عیش جاوداں کی تلاش

یوں ہی چپکے چپکے رونا یوں ہی دل ہی دل میں باتیں (غزل)

یوں ہی چپکے چپکے رونا یوں ہی دل ہی دل میں باتیں

بڑی کشمکش کے دن ہیں بڑی الجھنوں کی راتیں

ہے نفس نفس فروزاں ہے مژہ مژہ چراغاں

بڑی دھوم سے اٹھی ہیں غم و درد کی براتیں

مرے ذہن کی خلا میں مرے دل کی وسعتوں میں

کہیں رنگ و بو کے خیمے کہیں نور کی قناتیں

انہیں اے غم زمانہ کبھی رائیگاں نہ کرنا

ہیں بہت لطیف‌ و نازک غم دل کی وارداتیں

یہ جمالؔ مے کدہ ہے نہیں یاں کوئی تکلف

او عرب عجم کے جھگڑے نہ حسب نسب نہ ذاتیں

یہ دھرتی یہ جیون ساگر یہ سنسار ہمارا ہے (نظم)

یہ دھرتی یہ جیون ساگر یہ سنسار ہمارا ہے

امرت بادل بن کے اٹھے ہیں پربت سے ٹکرائیں گے

کھیتوں کی ہریالی بن کر چھب اپنی دکھلائیں گے

دنیا کا دکھ سکھ اپنا کر دنیا پر چھا جائیں گے

ذرہ ذرہ اس دنیا کا آج گگن کا تارا ہے

دکھ بندھن کٹ جائیں گے سکھ کا سندیسہ آئے گا

مٹی اب سونا اگلے گی بادل ہن برسائے گا

محنت پر ہے جس کا بھروسہ محنت کا پھل پائے گا

اپنے ہی کس بل کا سمندر وقت کا بہتا دھارا ہے

سپنوں کے سندر آنچل سے آشا روپ دکھاتی ہے

اپنی ہی آواز کی لے پر ساری دنیا گاتی ہے

آج ترنگے کی لہروں میں بجلی سی لہراتی ہے

ایک ہی وار میں اب اے ساتھی دشمن سے چھٹکارا ہے

مزید غزلیں از Masood Akhtar Jamal ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں