Masood Ahmad کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ مجھ سے پوچھ رہا ہے سناؤ کیسا لگا (غزل)
وہ مجھ سے پوچھ رہا ہے سناؤ کیسا لگا
تم اگلے زخموں کو چھوڑو یہ گھاؤ کیسا لگا
عجب سوال کیا آندھیوں نے پتوں سے
شجر سے ٹوٹ کے گرنا بتاؤ کیسا لگا
وہ خود بھی خوش ہے زمانے کو مطمئن کر کے
محبتوں میں اسے رکھ رکھاؤ کیسا لگا
بجھا چکے تھے زمانے کے گرم سرد جسے
بدن کی راکھ میں پھر سے الاؤ کیسا لگا
ہمارا ذکر کیا تھا تو خود ہی کہہ ڈالو
گلابی چہرے پہ پھیلا تناؤ کیسا لگا
نکل کے آ تو گئے مصلحت کی چھاؤں سے
انا کے دشت میں پہلا پڑاؤ کیسا لگا
کسی سے کچھ بھی نہیں مفت میں خریدتے ہم
حضور آپ کو یوسف کا بھاؤ کیسا لگا
کیسے کڑکتی دھوپ سے چھاؤں میں آ گیا (غزل)
کیسے کڑکتی دھوپ سے چھاؤں میں آ گیا
میں سٹپٹا کے شہر سے گاؤں میں آ گیا
اب اس سے آگے اور تماشا بنوں گا کیا
میں جنگ جو تھا خواجہ سراؤں میں آ گیا
ایسے ہی جیسے چیز ہو کوئی گری پڑی
سورج کسی غریب کے پاؤں میں آ گیا
میری نہیں یہ میرے ستاروں کی چال تھی
صحرا نشین اٹھ کے خلاؤں میں آ گیا
پروردگار یہ تیری قدرت کا فیض ہے
تخلیق کا کمال بھی ماؤں میں آ گیا
کیا چھو لیا ہے اس نے ذرا سا گلاب کو
کھلتا ہوا گلاب اداؤں میں آ گیا
دل منہ کے بل گرا ہے یہی سوچ سوچ کر
سر تھا مگر دھڑام سے پاؤں میں آ گیا
جب تک تھا ایک رب کی رعیت میں خوش رہا
مسعودؔ پھر میں اتنے خداؤں میں آ گیا