پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مشکور ممنون قنوجی کی غزلیں — Mashkoor Mamnoon Qannauji Ghazals

مشکور ممنون قنوجی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب کوئی سچ بات چھپانی پڑتی ہے (غزل)

جب کوئی سچ بات چھپانی پڑتی ہے

تب جھوٹی اک بات بنانی پڑتی ہے

اندر اندر کتنے ہی ہم زخمی ہوں

چہرے پر مسکان سجانی پڑتی ہے

اعتماد بھی حد سے زیادہ ٹھیک نہیں

کبھی کبھی تو منہ کی خانی پڑتی ہے

ارمانوں کی لاش اٹھا کر کاندھوں پر

کسی کسی کو عمر بتانی پڑتی ہے

کبھی کبھی کچھ یاد بھی رکھنا پڑتا ہے

کبھی کبھی ہر بات بھلانی پڑتی ہے

ہم سے ہی دہشت گردی ہے اور ہمیں

سب سے زیادہ جان گنوانی پڑتی ہے

تھپکی دے کر ہم کو تو مشکورؔ یہاں

تیری تمنا روز سلانی پڑتی ہے

ایسا نہیں دعاؤں میں مانگا نہیں تجھے (غزل)

ایسا نہیں دعاؤں میں مانگا نہیں تجھے

قسمت میں ہی نہیں تھا جو پایا نہیں تجھے

دل تو عقیدتوں کی حدوں سے گزر گیا

وہ تو خدا کا خوف تھا پوجا نہیں تجھے

سب منتظر تھے میری نگاہیں کدھر اٹھیں

میں نے بھی احتیاط میں دیکھا نہیں تجھے

شاید پلٹ کے دیکھ لے تو ہی میری طرف

میں نے اسی امید پہ روکا نہیں تجھے

تیرے خیال ساتھ تھے میرے قدم قدم

میں تو کسی قدم پہ بھی بھولا نہیں تجھے

اندیشۂ جدائی کے ڈر میں جیا ہوں میں

یہ مت سمجھ کے ٹوٹ کے چاہا نہیں تجھے

وہ پل حرام ہو گیا مشکورؔ کے لئے

جس پل تصورات میں پایا نہیں تجھے

مزید غزلیں از مشکور ممنون قنوجی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں