مشکور حسین یاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
جس کو دیکھو خواب میں الجھا بیٹھا ہے (غزل)
جس کو دیکھو خواب میں الجھا بیٹھا ہے
اپنے ہی پایاب میں الجھا بیٹھا ہے
آنسو آنسو جس نے دریا پار کئے
قطرہ قطرہ آب میں الجھا بیٹھا ہے
بھول کے جوہری اپنے لعل و جواہر کو
شوق در نایاب میں الجھا بیٹھا ہے
وہ جو بگولا بن کر اڑتا پھرتا تھا
دھاگا دھاگا سراب میں الجھا بیٹھا ہے
نصف نہار پہ یوں لگتا ہے سورج بھی
وقت کی آب و تاب میں الجھا بیٹھا ہے
یاد کتاب شوق نہ ہوگی ختم کبھی
انساں اک اک باب میں الجھا بیٹھا ہے
عمر گزری سفر کے پہلو میں (غزل)
عمر گزری سفر کے پہلو میں
خوب سے خوب تر کے پہلو میں
سانس لیتا ہے ذوق لا محدود
خواہش بام و در کے پہلو میں
شر کو کیا سمجھے یہ غبی مخلوق
شر کہاں ہے بشر کے پہلو میں
خوش نہ ہو آنسوؤں کی بارش پر
برق ہے چشم تر کے پہلو میں
اب ہمیں کیا کوئی سنبھالے گا
ہم ہیں سیلاب زر کے پہلو میں
فرش پر اس نے لی جو انگڑائی
عرش آیا اتر کے پہلو میں
عافیت سے بھی یادؔ خود کو بچاؤ
عافیت ہے خطر کے پہلو میں