Maroof Raebarelvi کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نہ کر ہرگز نہ کر یہ گفتگو اچھا نہیں لگتا (غزل)
نہ کر ہرگز نہ کر یہ گفتگو اچھا نہیں لگتا
وفا کا ذکر میرے روبرو اچھا نہیں لگتا
پلائی ہے غموں نے وہ مئے رنگین مت پوچھو
کہ اب مجھ کو کوئی جام و سبو اچھا نہیں لگتا
شب مہتاب کی یہ چاندنی پھیکی سی لگتی ہے
گل خوش رنگ تیرے روبرو اچھا نہیں لگتا
اجازت ہو اگر تو سر میں اپنا خود قلم کر لوں
تمہاری آستینوں پر لہو اچھا نہیں لگتا
یہ مے خانہ ہے کریے احترام مے کشی صاحب
یہاں آئے جو کوئی بے وضو اچھا نہیں لگتا
ہنسی آتی ہے کہتا تھا کہ ایسا ہو نہیں سکتا (غزل)
ہنسی آتی ہے کہتا تھا کہ ایسا ہو نہیں سکتا
یہ میرا دل ہے میرا دل کسی کا ہو نہیں سکتا
غموں کے آسماں پر جگمگاتی خوش نما یادیں
کہ شہر دل کی راتوں کا سویرا ہو نہیں سکتا
عجب انداز میں اس نے کہا اور موند لیں آنکھیں
وہ مجھ سے پھیر لے نظریں ارے جا ہو نہیں سکتا
غموں پر مسکراہٹ کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے
کہیں اس شان کا دوجا مکھوٹا ہو نہیں سکتا
جہاں تہذیب خود اندھی گلی میں راستہ بھٹکے
وہاں کردار و سیرت کا اجالا ہو نہیں سکتا
کوئی مرنے سے روکے ہے کوئی جینے نہیں دیتا
سوا مر مر کے جینے کے گزارا ہو نہیں سکتا
سنا تھا چاند نکلے گا (نظم)
سنا تھا چاند نکلے گا
سنا تھا عید آئے گی
سنا تھا ایک رونق کوچہ و بازار میں ہوگی
سنا تھا تم بھی آؤ گے
سنا ہے چاند نکلا تھا
سنا ہے رونقیں تھیں کوچہ و بازار میں ہر سو
سنا ہے عید کی خوشیاں منائیں شہر میں سب نے
یہ سب کچھ تو ہوا لیکن
بس اک تم ہی نہیں آئے
بتاؤ کیوں نہیں آئے
بتاؤ دید کب ہوگی
ہماری عید کب ہوگی