پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

معروف دہلوی کی غزلیں — Maroof Dehlvi Ghazals

معروف دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دید دنیا حباب کی سی ہے (غزل)

دید دنیا حباب کی سی ہے

اس کی تعبیر خواب کی سی ہے

ساقیا مے کہاں ہے شیشے میں

روشنی آفتاب کی سی ہے

پیرہن میں نمود تن سے ترے

ہلکی ایک تہ شہاب کی سی ہے

کس کا وصف دہن کیا تھا کہ آج

منہ میں خوشبو گلاب کی سی ہے

حالت اب دل کی ہجر میں معروفؔ

ایک شہر خراب کی سی ہے

جام دے اور نہ کر وقت پہ تکرار کہ بس (غزل)

جام دے اور نہ کر وقت پہ تکرار کہ بس

ساقیا ابر اٹھا ہے یہ دھواں دھار کہ بس

کیا تماشا ہے جو کل رات وہ لائے تشریف

بے خودی نے یہ لیا آن کے یکبار کہ بس

کیوں نہ دل ایسے کو دوں میں نے کل ان سے جو کہا

درد ہوتا ہے مرے دل میں یہ اے یار کہ بس

سنتے ہی ہو کہ ہم آغوش کہا ہنس کے تجھے

درد دل کی ہے دوا اور بھی درکار کہ بس

رشک سے کیوں نہ جلے مہر درخشاں معروفؔ

ہے مرے یار کی یہ گرمئ بازار کہ بس

مزید غزلیں از معروف دہلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں