پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرغوب حیدر عابدی کی غزلیں — Marghoob Haidar Aabidi Ghazals

مرغوب حیدر عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مری طرف سے جو نظریں گھمائے بیٹھے ہیں (غزل)

مری طرف سے جو نظریں گھمائے بیٹھے ہیں

خدا ہی جانے وہ کیا کیا چھپائے بیٹھے ہیں

ہم اپنے ہاتھوں سے سینہ دبائے بیٹھے ہیں

بڑے سکون سے وہ دل چرائے بیٹھے ہیں

کبھی تو آئے گا شیدا کوئی محبت کا

ہم انتظار میں پلکیں بچھائے بیٹھے ہیں

کبھی کبھی تو خیالوں میں ایسا لگتا ہے

وہ آ رہے ہیں وہ آئے وہ آئے بیٹھے ہیں

کسی کو روٹی کے ٹکڑوں میں بکنا پڑتا ہے

ہیں ایسے کتنے جو دولت دبائے بیٹھے ہیں

بہت سے ہیں جو سبک زندگی نبھا نہ سکے

ہم ایسے ہیں جو بہت زخم کھائے بیٹھے ہیں

یہ تم جو کرتے ہو غیروں کی بات اے مرغوبؔ

یہاں تو اپنوں کو ہم آزمائے بیٹھے ہیں

آج اس دل پہ کرے اتنی عنایت کوئی (غزل)

آج اس دل پہ کرے اتنی عنایت کوئی

کاش دے دے مجھے جینے کی اجازت کوئی

زندگی اپنی خیال اپنا نہ دل ہے اپنا

فرقت یار میں دیکھے مری حالت کوئی

آپ تو یونہی پریشان رہا کرتے ہیں

کیا بدل پایا ہے دیوانوں کی قسمت کوئی

کوچۂ یار میں جاتا ہوں لیے ساتھ رقیب

آج اے کاش بڑھا دے مری ہمت کوئی

معنیٔ لفظ محبت تو بہت ہیں دشوار

کیا سمجھ پائے گا اس شے کی حقیقت کوئی

دل کو احساس اسیری نہ ہو کیوں کر ناصح

کرتا ہے برسوں سے اس دل پہ حکومت کوئی

روز آتے ہیں وہ مرغوبؔ مگر خوابوں میں

روح کا رشتہ ہے پھر کیا کرے جرأت کوئی

مزید غزلیں از مرغوب حیدر عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں