مرغوب حسن کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
خلا کا خوف پس پردۂ غبار نہیں (غزل)
خلا کا خوف پس پردۂ غبار نہیں
حصار خاک سے پھر بھی کوئی فرار نہیں
عبور کر لیں حدیں ہم نے نارسائی کی
مگر طوالت امکاں میں اختصار نہیں
یہی بہت ہے کہ مٹی جڑوں سے لپٹی ہے
وگرنہ آج درختوں میں برگ و بار نہیں
کہیں یہ سیل سفر رائیگاں نہ ثابت ہو
کہ جستجو کے شب و روز کا شمار نہیں
سمٹ رہے ہیں وہ اک ڈوبتے جزیرے میں
ابھی یہ راز کناروں پہ آشکار نہیں
زمیں کی خشک رگوں میں رواں جو رہتا تھا
کنار دشت ہوس اب وہ آب زار نہیں
وہ پیچ و خم جو الگ میری رہ گزر سے تھا (غزل)
وہ پیچ و خم جو الگ میری رہ گزر سے تھا
مجھے خبر ہے نمایاں مرے سفر سے تھا
گزر گیا تھا کسی راز کی طرح وہ نقش
دھلا ہوا جو مری خاک خیر و شر سے تھا
ہوا کے ساتھ سفر کا نہ حوصلہ تھا جسے
سبھی کو خوف اسی لمحۂ شرر سے تھا
کنار شام افق تھا وہی مگر ویران
خلا کے سلسلۂ لمس کے اثر سے تھا
رکا ہوا تھا خموشی کی تہ میں سیل کوئی
خطر اسے بھی مری طرح بحر و بر سے تھا
مری نگاہ میں حائل تھے برگ و بار خزاں
گھرا ہوا میں عجب سایۂ شجر سے تھا