پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مرغوب علی کی غزلیں — Marghoob Ali Ghazals

مرغوب علی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

گر ہوں منصور تو سولی پہ چڑھا دے مجھ کو (غزل)

گر ہوں منصور تو سولی پہ چڑھا دے مجھ کو

اور ہوں سقراط تو لا زہر پلا دے مجھ کو

وصل کا گل نہ سہی ہجر کا کانٹا ہی سہی

کچھ نہ کچھ تو مری وحشت کا صلہ دے مجھ کو

کب تلک اور جلوں آگ میں تنہائی کی

زندگی اب یہی بہتر ہے بجھا دے مجھ کو

تھرتھراتی ہوئی پلکوں پہ سجانے والے

اشک بے کار کی مانند گرا دے مجھ کو

دن گزر جاتا ہے پر رات سے جی ڈرتا ہے (غزل)

دن گزر جاتا ہے پر رات سے جی ڈرتا ہے

چھت شکستہ ہو تو برسات سے جی ڈرتا ہے

پھول شاخوں پہ بھی مرجھا کے بکھر جاتے ہیں

تو ہو گر ساتھ ترے ساتھ سے جی ڈرتا ہے

آبگینے میں تعلق کے نہ بال آئے کہیں

بات کرتے ہوئے ہر بات سے جی ڈرتا ہے

چاندنی راتیں نہ آئیں یہ دعا کرتا ہوں

اب تو گزرے ہوئے لمحات سے جی ڈرتا ہے

پھر تمازت ترے پہلو کی جگا دیتی ہے

نیند میں بھی تری اس گھات سے جی ڈرتا ہے

مزید غزلیں از مرغوب علی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں