پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مردان علی خاں رانا کی غزلیں — Mardan Ali Khan Rana Ghazals

مردان علی خاں رانا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کر چکا قید سے جس وقت کہ آزاد مجھے (غزل)

کر چکا قید سے جس وقت کہ آزاد مجھے

ہاتھ ملتا ہی رہا دیکھ کے صیاد مجھے

عمر بھر یوں تو کبھی لی بھی نہ کروٹ پس مرگ

حیف رہ رہ کے کیا کرتے ہیں اب یاد مجھے

حکم درباں کو ہے زنہار نہ آنے پائے

غیر کے سامنے کرتے ہیں مگر یاد مجھے

باغباں گلشن عالم کا میں وہ بلبل ہوں

طائر سدرہ کہا کرتا ہے استاد مجھے

ہم صفیروں کو مرا حال کھلے گا پس مرگ

دیکھنا دل میں کریں گے وہ بہت یاد مجھے

صحن‌ گلشن میں مرے پھول کریں گے گلچیں

روئے گا سونا قفس دیکھ کے صیاد مجھے

راہ الفت میں ملاقات ہوئی کس کس سے

دشت میں قیس ملا کوہ میں فرہاد مجھے

غیب سے ہوتے ہیں القا مرے دل میں مضمون

دیکھ فیضان سخن کا ہے خداداد مجھے

سبز باغ آتا ہے دنیا کا نظر جب رعناؔ

یاد آتی ہے بہت حسرت شداد مجھے

باشندے حقیقت میں ہیں ہم ملک بقا کے (غزل)

باشندے حقیقت میں ہیں ہم ملک بقا کے

کچھ روز سے میہمان ہیں اس دار فنا کے

دل خوں ہو شب وصل بھی حسرت میں نہ کیوں کر

دیکھیں نہ وہ خلوت میں بھی جب آنکھ اٹھا کے

فرمائیے ہم سے تھی یہی شرط محبت

خوب آپ نے رسوا کیا غیروں میں بلا کے

کوچے میں نہ آئے کوئی میں جان گیا ہوں

فرماتے ہو مجھ سے یہ رقیبوں کو سنا کے

دل ہاتھ سے کھو جاتا ہے کس طور سے زاہد

تو آپ ذرا دیکھ لے اس کوچے میں جا کے

خاک در جاناں ہے لباس تن عریاں

عاشق ترے محتاج نہیں اور قبا کے

ہم سر کے بل آئیں گے جو بلواؤ گے صاحب

گر ہو نہ یقیں دیکھ لو تم چاہو بلا کے

ہو سایۂ دیوار تمہارا جو میسر

پھر کیا کریں فرمائیے سائے کو ہما کے

دل کھول کے کر لیجئے اے حضرت دل سیر

ہم پھر کے نہ پھر آئیں گے اس بزم سے جا کے

تن خاک میں مل جائے گا اک روز ہمارا

جی تن سے نکل جائے گا مانند ہوا کے

مزید غزلیں از مردان علی خاں رانا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں