پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مردان علی خاں نشاط کی غزلیں — Mardan Ali Khan Nishat Ghazals

مردان علی خاں نشاط کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

ادا نہ دیکھی کوئی ان کی بے رخی کی طرح (غزل)

ادا نہ دیکھی کوئی ان کی بے رخی کی طرح

وہ ہم سے ملنے بھی آئے تو اجنبی کی طرح

اٹھاؤ جام پیو مے کہ موسم گل ہے

چٹک رہا ہے بدن اس کا چاندنی کی طرح

بس اتنی عرض ہے تجھ سے اے داور محشر

سزا ملے نہ ہمیں کوئی زندگی کی طرح

جو اجنبی تھے یہاں شہریار بن بیٹھے

جو شہریار تھے رہتے ہیں اجنبی کی طرح

نگاہ ناز کی سر مستیاں نشاطؔ نہ پوچھ

سرور اس کا بھی رہتا ہے مے کشی کی طرح

عشق جنوں نواز کو سرشار دیکھنا (غزل)

عشق جنوں نواز کو سرشار دیکھنا

ہر درد کو ہے لذت آزار دیکھنا

اپنی نظر ہے اوج ثریا سے بھی بلند

ہر کم نظر کو زینت دیوار دیکھنا

کس کس کے نام آئے گا پروانۂ اجل

مقتل بنا ہے کوچۂ دل دار دیکھنا

رنگیں قبا یہ پھول تو کیا اس سے فائدہ

عریاں ہے زیر شاخ ہر اک خار دیکھنا

تھے جتنے حق پرست وہی ہو گئے شہید

اک ہم ہی رہ گئے ہیں سر دار دیکھنا

عاشق ہے اپنے آپ پہ وہ نازنیں نشاطؔ

صہبائے احمریں کو قدح خوار دیکھنا

مزید غزلیں از مردان علی خاں نشاط ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں