پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مراتب اختر کی غزلیں — Maratib Akhtar Ghazals

مراتب اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ گھر کے بھید ہیں کہوں کیسے زبان سے (غزل)

یہ گھر کے بھید ہیں کہوں کیسے زبان سے

کیا دکھ ملے ہیں مجھ کو میرے بھائی جان سے

کیفے کے ایک کونے میں مصروف گفتگو

مغموم بے حیات بدن بے زبان سے

یہ دن جو آج بیت گیا پھر نہ آئے گا

یہ تیر بھی نکل گیا قوس کمان سے

اچھے بشر ہیں جن کو نہیں ڈھونڈنے کی دھن

اچھا خدا ہے دور ہے وابستگان سے

الٹے کنویں کے قطر میں لٹکا دیئے گئے

اترے تھے دو فرشتے کبھی آسمان سے

تو جا رہی ہے چھوڑ کے جا پھر کبھی سہی (غزل)

تو جا رہی ہے چھوڑ کے جا پھر کبھی سہی

اے بستیوں کی تیز ہوا پھر کبھی سہی

اب آدمی کی جس پہ مسلط مشین ہے

اب زر کی جستجو ہے خدا پھر کبھی سہی

تجھ کو ڈبو گیا تجھے برباد کر گیا

یہ تکیۂ کلام ترا پھر کبھی سہی

اس وقت ایک ربط مسلسل ہے ناگزیر

پابندیٔ قیود انا پھر کبھی سہی

میں اپنے اضطرار سے مجبور ہو گیا

اس نے بگڑ کے مجھ سے کہا پھر کبھی سہی

دیوانے دل (نظم)

دیوانے دل

کس سوچ میں ہے دیوانے دل

کن امیدوں پر جیتا ہے

ہر رات اندھیرے لاتی ہے

ہر رات اندھیرے لائے گی

اور عمر بسر ہو جائے گی

امیدوں کے ان موج موج دریاؤں میں

دریاؤں کی گہرائی میں

کیا تیرے لیے ہے ایک اذیت جینے کی

کیا حاصل ہے ان موج موج دریاؤں کو دیکھتے رہنے کا

اور پیاسے اور دیوانے دل

ہر آنے والی صبح کے چہرے پر جو پتہ گرتا ہے

اس بھرے جہان میں تنہا رہ جاتے

لمحوں کے سمندر میں بہہ جانے کی اک امر حقیقت چھوڑتا ہے

اڑ جاتا ہے

ان امڈے ہوئے خیالوں کے طوفانوں میں

جو چیز مجھے جینے کی طاقت دیتی ہے

اک آہستہ آہستہ سی آواز تجھے بس جینا ہے

مر جانے سے کچھ دن پہلے تک جینا ہے

مزید غزلیں از مراتب اختر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں