مقصود سروری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پھیلا ہوا ہے دشت بس اک قیس ہی نہیں (غزل)
پھیلا ہوا ہے دشت بس اک قیس ہی نہیں
ہم نے تو یہ سنا تھا کہ لیلیٰ مری نہیں
مجھ ناتواں کی بات ہے کون و مکاں کی بات
گر میں نہیں تو ان کی ضرورت کوئی نہیں
آنکھیں نہ ہوں تو سب ہے کسی بے بصر کی بات
شمس و قمر کے پاس کوئی روشنی نہیں
معیار زندگی کو خدا ماننے کے بعد
سب کچھ ہے زندگی میں مگر زندگی نہیں
جس نے کہا تھا یہ کہ ترے پاس ہے ہی کیا
سب کچھ ملے گا اس کو مگر میں کبھی نہیں
ابلیس کو تھا حکم کہ صورت کو سجدہ کر
آساں یہ خال و خد کی مگر بندگی نہیں
رشک مینا و جام سی لڑکی (غزل)
رشک مینا و جام سی لڑکی
وہ دسمبر کی شام سی لڑکی
وہ کھڑی ہے نظر جھکائے ہوئے
زاہدوں کے قیام سی لڑکی
لاج کے تھل نے کوئلہ کر دی
گلبدن لالہ فام سی لڑکی
فصل گل کی سفیر لگتی تھی
باد گل کے خرام سی لڑکی
کھو گئی خود فنا کے رستوں میں
راہ ملک دوام سی لڑکی
تیرگی نے دلائی یاد مجھے
ایک ماہ تمام سی لڑکی
جذب پیہم سکھا گئی مقصودؔ
وہ قلندر مقام سی لڑکی
تیرے ہونٹوں پہ ہونٹ کا موسم (نظم)
تیرے ہونٹوں پہ ہونٹ کا موسم
تیری زلفوں کی چھاؤں کا لمحہ
تیرے رخسار تک رسائی کی
وہ نشاط آورے و سرشارے
تیرے جسم حسیں کی حدت سے
وہ مری آنکھ میں پڑے ڈورے
تیری آنکھوں کی جھیل پر جانم
میری پیاسی نظر کا جشن طرب
میرے ہاتھوں میں
تیرے ہاتھوں کی
مخملیں خواب گاہ کی راتیں
تیری گردن کا سارا مے خانہ
جان جاناں
مرے تصرف میں اتنا کچھ ہو
تو عید ہوتی ہے