پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقصود نشتری کی غزلیں — Maqsood Nashtari Ghazals

مقصود نشتری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دور نو کا جو تقاضا ہے نظر میں رکھنا (غزل)

دور نو کا جو تقاضا ہے نظر میں رکھنا

گردش وقت کو بھی اپنے اثر میں رکھنا

جانے کس موڑ پہ ہو جائے گی دنیا دشمن

ہر قدم سوچ کے تم راہ سفر میں رکھنا

یہ جو انمول گہر زیست کا سرمایہ ہیں

اشک آئیں تو انہیں دیدۂ تر میں رکھنا

راہ دشوار میں کام آئے گی بے شک یہ بھی

باپ اور ماں کی دعا زاد سفر میں رکھنا

میرے لب پر کوئی شکوہ تو نہیں ہے لیکن

اے خدا مجھ کو دعاؤں کے اثر میں رکھنا

دن میں تم دیکھ نہ پاؤ گے کہیں بھی جگنو

رات کا حسن سدا ذہن‌ و نظر میں رکھنا

امتحاں گاہ یہ دنیا ہے کوئی بات نہیں

ذکر معبود کو سانسوں کے سفر میں رکھنا

صبر اور ضبط و تحمل ہیں بہت قیمتی شے

اس کا مقصودؔ تھا دامان بشر میں رکھنا

تمام عزت و رفعت خدا کی شان میں ہے (غزل)

تمام عزت و رفعت خدا کی شان میں ہے

وہی گواہی موذن کی ہر اذان میں ہے

پرانے زخم مرے ہو گئے ہیں پھر تازہ

عجیب درد کی لذت ترے بیان میں ہے

ستم گروں کے جگر کو جو پاش پاش کرے

اک ایسا تیر ابھی تک مری کمان میں ہے

عجیب بات ہے دشمن بھی قدر کرتے ہیں

یہ ایک جادوگری بھی تری زبان میں ہے

وہ جن کے نور سے پر نور کائنات ہوئی

انہیں کا نور زمیں اور آسمان میں ہے

مری دعا ہے خدا اس کو شاد کام رکھے

جو لطف شعر مری مادری زبان میں ہے

خدا نے بخشی ہے مقصودؔ جو تجھے خوبی

کہاں وہ خوبی کسی اور خوش بیان میں ہے

مزید غزلیں از مقصود نشتری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں