پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقصود خان علیگ کی غزلیں — Maqsood Khan Alig Ghazals

مقصود خان علیگ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

پست لہجہ تھا تمہارا مجھ کو سمجھاتے ہوئے (غزل)

پست لہجہ تھا تمہارا مجھ کو سمجھاتے ہوئے

ہارنے کا خوف طاری ہو گیا جاتے ہوئے

موت نے کیوں جیتے جی ہی مار ڈالا ہے مجھے

دل مرا یہ کہہ رہا تھا اس کو کفناتے ہوئے

ایک دن پوچھا تھا میں نے پیار کرتے ہو مجھے

سوچ کر کچھ ہاں کہا تھا اس نے شرماتے ہوئے

اب کسی جھگڑے میں شامل ہو نہیں سکتا کبھی

میں الجھتا جا رہا ہوں خود ہی سلجھاتے ہوئے

حسن نے مغرور جن کو کر دیا تھا آخرش

آج ان پھولوں کو دیکھا کتنا مرجھاتے ہوئے

ہاتھ خالی تھے ہمارے اور کھلونا یاد تھا

دل پہ پتھر رکھ لیا ہے اپنے گھر جاتے ہوئے

چھت پہ جا کے روز ہی رکھا کرو مقصودؔ جی

مانگتے ہیں پانی پنچھی پر کو پھیلاتے ہوئے

ہم کو اس طرح سنور جانا ہے (غزل)

ہم کو اس طرح سنور جانا ہے

تری دہلیز پہ مر جانا ہے

دنیا سنسان گلی کی مانند

دیکھو چپ چاپ گزر جانا ہے

سب بزرگوں کی ہے عزت دل میں

سب کو پھل دار شجر جانا ہے

کب برستے ہیں گرجنے والے

مجھ کو کہنا نہیں کر جانا ہے

سنگ اٹھاتا ہے زمانہ مجھ پہ

یعنی دنیا نے ثمر جانا ہے

زندگی ناؤ کے جیسی مقصودؔ

اک نہ اک دن تو اتر جانا ہے

مزید غزلیں از مقصود خان علیگ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں