پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقصود انور مقصود کی غزلیں — Maqsood Anwar Maqsood Ghazals

مقصود انور مقصود کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رشتوں میں بھی آئی سیاست کیسی بے ایمانی ہے (غزل)

رشتوں میں بھی آئی سیاست کیسی بے ایمانی ہے

ہیں سارے الفاظ شگفتہ لہجے میں ویرانی ہے

ہو گیا مشکل کیسے چھپاؤں سر سے لے کر پاؤں تلک

اپنی چادر پھٹ سکتی ہے ایسی کھینچا تانی ہے

اس کو پانے کی کوشش میں جان تری ہلکان ہے کیوں

دنیا اندر سے پیتل اوپر سونے کا پانی ہے

اس حمام میں سب ننگے ہیں کس پہ اٹھائے انگلی کون

اپنی اپنی چوکھٹ ہے اپنی اپنی پیشانی ہے

میں اپنے کمرے میں بیٹھا تنہا تنہا جلتا ہوں

چھت پر چھم چھم ناچ رہی ہے کیسی برکھا رانی ہے

آتے جاتے لمحے اس کو دیکھ رہے ہیں حیرت سے

تخت بنایا ہے سونے کا دو دن کی سلطانی ہے

ہم نے کیا مقصودؔ خسارے کا یہ سودا جیون بھر

اپنے بارے میں نہیں سوچا بات سبھوں کی مانی ہے

بزدل یا مظلوم جہاں میں کہلانے سے کیا ہوگا (غزل)

بزدل یا مظلوم جہاں میں کہلانے سے کیا ہوگا

ٹوٹی ہی شمشیر نکالو ڈر جانے سے کیا ہوگا

کب تک یہ تقدیر کا رونا آؤ کچھ تدبیر کریں

آنکھ میں آنسو چاک گریباں درشانے سے کیا ہوگا

بھوکے کی تم بھوک مٹاؤ تو پھر کوئی بات بنے

شیش محل کے خواب سنہرے دکھلانے سے کیا ہوگا

دھرتی پر سکھ چین کی خاطر من کے میل کو صاف کرو

گنگا جل میں جسم کو اپنے نہلانے سے کیا ہوگا

علم و ہنر کو کام میں لاؤ مستقبل کی فکر کرو

حال میں ماضی کی بھولوں پر پچھتانے سے کیا ہوگا

مار کے ٹھوکر رسوائی کو حق اپنا لے لو مقصودؔ

بیچ کے غیرت جام مروت چھلکانے سے کیا ہوگا

اس طرح ستاتے ہو (نظم)

اس طرح ستاتے ہو

دوریاں بڑھاتے ہو

دوریاں بڑھانے سے

فاصلے نہیں بڑھتے

حوصلے نہیں گھٹتے

منزلوں کو پانے کا

عزم جو بھی کرتا ہے

وہ قدم بڑھاتا ہے

چاند چھو کے آتا ہے

تارے توڑ لاتا ہے

تھک کے بیٹھ جانا تو

موت کی علامت ہے

اور میرا ایماں ہے

موت تو یقینی ہے

وقت پر ہی آئے گی

پھر میں کس لیے آخر

روک لوں قدم اپنے

موت کے فرشتے کو

روبرو کھڑا پا کر

مزید غزلیں از مقصود انور مقصود ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں