پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

مقصود عالم خاں عالم بریلوی کی غزلیں — Maqsood Alam Khan Alam Barelvi Ghazals

مقصود عالم خاں عالم بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جھکتے نہیں سر یوں کسی شمشیر کے آگے (غزل)

جھکتے نہیں سر یوں کسی شمشیر کے آگے

بس چلتا نہیں کوئی بھی تقدیر کے آگے

اس کا کوئی بندھن تو نہ تھا راہ وفا میں

خود پاؤں مرے آ گئے زنجیر کے آگے

اف تیری نظر بھی تو قیامت کی نظر تھی

دل کیسے بچاتا کوئی اس تیر کے آگے

گھبراتا ہے تنہائی کی راتوں سے مرا دل

روتا ہوں میں گھنٹوں تیری تصویر کے آگے

آ جائے گا الفت کا یقیں ان کو یقیناً

رکھ دوں گا کسی روز جگر چیر کے آگے

بدلا نہ میرا رنج و الم ہائے رے قسمت

دل اور مچل جاتا ہے دلگیر کے آگے

مانا کہ تری زندگی آساں نہیں عالمؔ

مشکل بھی تو مشکل نہیں تدبیر کے آگے

آئے گی پھر چمن میں جانے بہار کب تک (غزل)

آئے گی پھر چمن میں جانے بہار کب تک

کرنا پڑے گا مجھ کو یوں انتظار کب تک

جینے کی آرزو میں مرنے کی جستجو میں

ہوتا رہے گا میرا دل بے قرار کب تک

احساں کرو نہ کوئی میں کیا جواب دوں گا

کرتے رہو گے مجھ کو یوں شرمسار کب تک

طرز وفا تمہاری کیا ہے نہ مل سکو تم

پھرتا رہوں بتا دو میں سوگوار کب تک

اک دن سمیٹ لوں گا باہوں میں ان کو عالمؔ

دل پر مرا رہے گا یوں اعتبار کب تک